راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ ویسٹریج کے علاقہ ماربل فیکٹری روڈپرآرمی چیک پوسٹ پرفائرنگ سے ایک فوجی جوان سمیت دوافراد شہید جب کہ دو افراد شدیدزخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ہفتہ کی رات پونے نوبجے کے قریب ماربل فیکٹری روڈپرریلوے پھاٹک کے قریب آرمی کے جوان معمول کی چیکنگ کررہے تھے کہ اس دوران سپاہی محمدعثمان نے ایک رکشہ کوروکا اوراس کے ڈرائیوراوراس میں سوارشخص سے ان کی شناخت بارے دریافت کیااسی دوران چادراوڑھے ہوئے ایک شخص نے کلاشن کوف سے فائرنگ شروع کردی جس سے فوجی جوان عثمان اورتین سویلین سجاد ،آٓصف اورشاہدشدیدزخمی ہوگئے انہیں ہسپتال لے جایاگیاجہاں آرمی کاجوان محمدعثمان اورسویلین سجاداحمدجاں بحق ہوگئے جب کہ شاہدخان ولدسرفرازاورآصف خان ولدسرورخان ساکنائے حبیب کالونی کو شدیدزخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال راولپنڈی میں داخل کرادیاگیا ذرائع کاکہناہے حملہ آورملزم فائرنگ کرنے کے بعدقریب ہی کھڑے موٹرسائیکل پرسوارہوکراپنے ساتھی کے ہمراہ فرارہوگیا ہسپتال ذرائع کے مطابق آصف کودوگولیاں جب کہ شاہدکوچارگولیاں لگیں تاہم ان دونوں کی حالت خطرے سے باہربیان کی جاتی ہے اوروہ دونوں رکشہ ڈرائیوربتائے جاتے ہیں ۔افسوس ناک واقعہ کے آرمی اورپولیس نے پورے علاقہ کوگھیرے میں لے لیااوررات گئے علاقہ میں سرچنگ کی جارہی تھی ۔ذرائع کاکہناہے کہ جس جگہ واقعہ پیش آیایہ کوئی مستقل چیک پوسٹ نہیں ہے بلکہ آرمی کی گاڑی میں جوان علاقہ میں گشت کرتے ہیں اوراسی دوران چیکنگ کی جاتی ہے۔ واقعہ کے فوری بعدسی پی او،ایس ایس پی آپریشنزپولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے جب کہ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موقع پرپہنچ گئے۔