بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اے ایس دولت کا کہنا ہے کہ ہمیں عمران خان کو وقت اور موقع دینا چاہیے کہ وہ اپنے ارادوں پر عمل کر سکیں، پرویز مشرف جیسا معقول شخص 30برس میں نہیں دیکھا۔
بھارتی اخبار کے مطابق چندی گڑھ میں فوجی لٹریچر میلے کے موقع پر جاسوسوں کی ذہانت سے متعلق سیشن سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اےایس دولت اور بھارتی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ نے خطاب کرتے ہوئے ممبئی حملہ کیس سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔
اے ایس دولت نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کے بعد عمران خان سے ہم سب سے زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں، بھارت کو چاہیے کہ وہ عمران خان کو وقت اور موقع دے کہ پاکستانی وزیر اعظم اپنے ارادوں پر عمل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ہی پیشرفت کا واحد راستہ ہے، پاک بھارت خفیہ ایجنسیوں کے درمیان اداروں کی سطح پر انتظام ہونا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کونے میں نہ دھکیلیں، وہ جنوبی ایشیاء میں چیزیں تبدیل کر سکتے ہیں۔