کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں21دسمبرتک توسیع کردی ہے،عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق صدر کی انور مجید کے بیٹے عبدالغنی مجید سے ملاقات ہوئی، دونوں ایک سیٹ پر بیٹھ کر کچھ دیر گفتگو میں مصروف رہے،عدالت نے کیس کی سماعت بھی 21دسمبر تک ملتوی کردی۔پیرکوسابق صدر اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، طحہ رضا اور نمرمجید سمیت دیگر ملزمان منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے،دوران سماعت تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔عدالت نے آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک کی توسیع کردی۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت بھی21 دسمبر تک ملتوی کردی، جس کے بعد آصف علی زرداری، فریال تالپور اور دیگر بینکنگ کورٹ سے حاضری لگا کر روانہ ہوگئے۔ کمرہ عدالت میں آصف علی زرداری اور عبدالغنی مجید کی ملاقات ہوئی اور دونوں ایک سیٹ پر بیٹھ کر کچھ دیر گفتگو میں مصروف رہے۔