جیکب آباد( نامہ نگار)ڈی ایچ او جیکب آباد کے مطابق جیکب آبا د میں پولیو کا اے ایف پی کیس ظاہر ہوا ہے اور متاثرہ بچی کے اسٹول سیمپل لئے ہیں، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے قصبہ امام داد جمالی میں نظیر جمالی کی پانچ سالہ بیٹی بخت بھری کو چلنے میں تکلیف کی شکایت پر مقامی ڈاکٹر کے پاس لیجایا گیا بچی کے معائنے کے بعد پولیو کا شبہ ظاہر کیا گیا اس اطلاع پر ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے مقامی قصبہ پہنچ کر متاثرہ بچی کے اسٹول کے سیپمل لئے اس سلسلے میں ڈی ایچ او جیکب آباد ڈاکٹر عبدالغفاررند نے بتایا کہ یہ پولیو کا اے ایف پی کیس ہے متاثرہ بچی کے سیمپل لئے ہیں رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ بچی کو پولیو ہے یا نہیں انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی 6سے زائد اے ایف پی کیس ٹیسٹ کے لئے گئے جو نیگیٹو ہوئے ہیں۔