لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز ملک سے فرار ہورہا تھا اس لئے روکا ، کل تک بڑھکیں لگانے والے حمزہ شہباز نے پتلی گلی سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہوسکے کیونکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ آج کل تمام ادارے بہت چوکس ہیں۔حمزہ شہباز نے بزدلی کی مثال قائم کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہمارے ادارے قومی دولت لوٹنے والے عناصر کو ایسے بھاگنے نہیں دیں گے جیسے حمزہ شہباز کی دوبئی فرار کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ خواجہ برادران کی گرفتاری کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 3 دن پہلے دونوں بھائیوں کے فرنٹ مین قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پیرا گون سوسائٹی کے کرتا دھرتا سعد رفیق اور سلمان رفیق ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری عدالتیں اور ادارے اب کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑیں گے۔ اداروں پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔