کراچی/لاہور(مانیٹرنگ سیل،نمائندہ جنگ) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری پر ردِعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی، پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ ہرحکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی بھی حکومت مضبوط اور پائیدار نہیں ہوگی، سلیکٹڈ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔ادھر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات اور پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے سعد رفیق کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب پی ٹی آئی کی سیاسی آلہ کار نہ بنے،احتساب بلا امتیازہو تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ حسن مرتضیٰ نے سوال کیا کہ کس کے کہنے پر علیم خان اورعلیمہ خان پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا۔