کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ میں مایوس کن کار کردگی کے بعد قومی ہاکی ٹیم جمعرات کو بھوبنیشور سے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے گی۔ ٹیم کے آفیشلز نے کارکردگی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے کئی سنیئر کھلاڑیوں کو فارغ کرنے کی سفارش کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں نے اپنی ذمے داری بہتر انداز میں نہیں نبھائی۔ علاوہ ازیں میگا ایونٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن پر فارمنس پر سابق ہاکی اولمپئنز پھٹ پڑے، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ہاکی فیڈریشن میں فوری طور پر تبدیلی کرتے ہوئے ایمان دار اور مخلص افراد کو لایا جائے تاکہ 2020 ورلڈ کپ کے لئے اچھی ٹیم تیار ہوسکے۔ سابق کپتان فلائنگ ہارس سمیع اللہ نے کہا کہ تبدیلی کے بغیر قومی ہاکی میں بہتری نہیں آسکتی۔