• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائوسنگ سوسائٹیاں اسٹیمپ ڈیوٹی اور سی وی ٹی ادا نہیں کررہیں،چیف جسٹس

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمی نے ʼʼبحریہ ٹائون اور ڈی ایچ اے کی جانب سے پلا ٹوں کی ٹرانسفر اور رجسٹریشن ʼʼ فیس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران فریقین کی جانب سے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کرنے پر کیس کی مزید سماعت 2ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ پلاٹوں کی فروخت صرف رجسٹرڈ دستاویزات کے ذریعے ہی ہوسکتی ہے، ہاوسنگ سوسائٹیاں سٹیمپ ڈیوٹی اور سی وی ٹی ادا نہیں کررہی ہیں، ملک ریاض حسین سے کہا تھا کہ صدقہ دے کر جان چھڑالیں، جو آدمی دولت مند ہو اور دولت سے آسانیاں نہ خرید سکے اس سے بڑا بد نصیب کوئی نہیں ہوتا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز لااحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز ازخود نوٹس کی سماعت کی تو بحریہ ٹائون کی جانب سے خواجہ طارق رحیم اور اظہر صدیق ایڈوکیٹ پیش ہوئے ، چیف جسٹس نے کہاکہ پلاٹوں کی فروخت صرف رجسٹرڈ دستاویزات کے ذریعے ہی ہوسکتی ہے، ہائوسنگ سوسائٹیاں سٹیمپ ڈیوٹی اور سی وی ٹی ادا نہیں کررہی ہیں،ہم بحریہ ٹائون کی جانب سے الاٹ کئے گئے پلاٹوں اور مکانات کا فرانزک آڈٹ کروا لیتے ہیں ،سامنے آجائے گا کہ آج تک کل کتنی سیل ڈیڈ ز کی ہیں اور کتنی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ، جس پر خواجہ طارق رحیم نے کہاکہ حکومت سندھ نے 2002میں قانون میں ترمیم کرلی تھی ،جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ سندھ کو چھوڑ دیں ، آپ سندھ کے قانون میں بھی نہیں آتے تاہم پنجاب کی بات کرلیتے ہیں،میں نے ملک ریاض سے کہا تھا، صدقہ دے کر جان چھڑالو، جو شخص دولت مند ہو اور دولت سے آسانیاں نہ خرید سکے اس سے بڑا بدنصیب نہیں،ہم نے کہا تھا کہ ایک ہزار ارب روپئے دے دیں، وہ شخص قوم کا قرض اتار سکتا ہے، میں نے انہیں پہلی بار 84ماڈل کی کار میں دیکھا تھا،اب یہ وقت قوم کو واپس کرنے کا ہے ، ان کے بچوں کی سالگرہ پر کیک بھی ہیلی کاپٹر پر آتے ہیں اور یہاں پر لوگوں کے پاس اپنے بچوں کے لئے دو مرلے کے گھر تک نہیں ہیں،میں کوئی ناصح یا مصلح نہیں ہوں لیکن معاملات کو سدھارنے کی کوشش ضرور کررہا ہوں ، بحریہ ٹائون اور ڈی ایچ اے نے اب تک جواب کیوں جمع نہیں کروایا ہے؟ جس پر بحریہ ٹائون اور ڈی ایچ اے کے وکلاء نے جواب جمع کروانے کے لیے مزید کچھ مہلت دینے کی استدعا کی تو عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ۔
تازہ ترین