• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکیسویں صدی کے آغاز تک سادہ سی دیواروں کو اسلامی خطاطی، پینٹنگز اور تصاویر سے سجانے کا رجحان تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ سادہ دیوار وں کا رجحان تبدیل ہو رہا ہے اور اب کمرے میں مختلف رنگوں کی دیواریں یا وال پیپرز کا استعمال زور پکڑتا جارہا ہے۔ دیواروں کی سجاوٹ وآرائش ایک اچھوتا اور منفرد احساس دیتی ہے، جس کے لیے مختلف طریقہ کار استعمال کیے جاتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت اب اپنے گھرمیں صرف پینٹ کروانے کاہی نہیں سوچتی بلکہ ان کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں، جو تعمیراتی و آرائشی ٹرینڈز کا حصہ ہیں مثلا ًوال میورلز،آرائشی اشیا ، وال کلیڈنگ ، لکڑی کے بنے پینلز، اسٹیٹمنٹ یاتھری ڈی وال پیپرز ،وغیرہ۔ آئیں آج کچھ اچھوتے اور منفرد اسٹائل کے ڈی وال پیپر ز کا ذکر کرتے ہیں، جوآپ کے کمرے کی زینت بن سکتے ہیں۔

ٹروپیکل پیٹرن اسٹائل

ٹروپیکل پیٹرن اسٹائل رواں برس کا سب سے مقبول پیٹرن ہے، جو آپ کے سادہ سے بیڈروم کو ہرا بھرا اور خوبصورت منظر دینے کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو اپنے بیڈروم کے لیے اس وال پیپر پیٹرن کا انتخاب کیجیے۔بیڈروم کے علاوہ ٹروپیکل اسٹائل پیٹرن لیونگ روم اور ڈرائنگ روم کے لیے بھی بہترین انتخاب ثابت ہوتے ہیں ۔

اسٹریپڈ پیٹرن

دھاریوں والے وال پیپر کا رواج گزشتہ برس سے ڈیکوریشن ٹرینڈ کا حصہ ہے۔ اسٹریپڈ اسٹائل ایک ایسا پیٹرن ہے ، جو کبھی آؤٹ آف فیشن نہیں ہوتا اورنہ ہی کبھی ختم ہوتا ہے۔ آج کل اسٹریپڈ وال پیپر کا استعمال بیڈروم کے علاوہ کچن میں بھی زیادہ کیا جانے لگا ہے۔ اگر پیٹرن کے اسٹائل کی بات کی جائے تو ہوریزونٹل اسٹریپ (اُفقی دھاریاں) سے زیادہ ان دنوں ورٹیکل اسٹریپ (عمودی دھاریاں) پیٹرن اسٹائل کے وال پیپر کا استعمال زیادہ عام ہے۔ اسٹریپڈ وال پیپر کا انتخاب کرتے وقت آپ کوبہت زیادہ دھیان رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر ورٹیکل اسٹریپ وال پیپر نیچی چھت والے کمروں کے لیے بہت اچھی رہتے ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے چھت نسبتاً اونچی نظر آتی ہے۔ اس پیٹرن کا انتخاب اس وقت کریں جب کمرے کو اُونچائی کی سمت میںبڑا دکھا نا مقصد ہو لیکن اگر آپ اپنے کمرے کو کشادہ دیکھنا چاہتے ہیں تو ہوریزونٹل اسٹریپ بہت بہتر ہیں کیونکہ یہ جگہ کو پھیلا کر بڑا دِکھاتی ہیں۔

ابھرا ہوا اسٹائلش پیٹرن

موسم سرما کے لیے ابھرا ہوا رضائی نما پیٹرن بھی ایک بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔ کیا آپ کو بھی لگتا ہےکہ کمبل اور رضائی کو دیکھتے ہی نیند اور آرام کا احسا س غالب آنے لگتا ہے؟ کیوں نہ موسم سرما کے لیے رضائی کی طرح کے اُبھرے ہوئے ڈیزائن کو وال پیپر کے لیے منتخب کرلیا جائے۔ ابھرا ہوا پیٹرن عام کاغذ کی طرح آسانی سے لگ جاتا ہے تاہم خصوصیات میں یہ وال پیپر دگنا اثر رکھتا ہے۔ دوسری جانب یہ دیوار پرپینٹ کیے جانے والے ڈیزائن کی نسبت سستا بھی ہے۔ اس پیٹرن کے لیے سیاہ یا گولڈن رنگ کا انتخاب کیجیے کیونکہ یہ رنگ انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے کبھی پرانے نہیں ہوتے۔

حقیقت کا گمان لیے

جی ہاں! اگر حقیقت کا گمان لیے وال پیپر کمرے میں لگے ہوں توداخلے کے ساتھ ہی آپ حقیقی منظر کے احساس میں گم ہوجاتے ہیں۔ حقیقی یا قدرتی مناظر کا خوبصورت نظارہ دیکھنے کے لیے 3Dوال پیپر کا انتخاب بہترین ہے۔ ان خوبصورت مناظر کے انتخاب کی فہرست کافی طویل ہے، آپ اپنے شوق اور ذوق کے تحت کسی ایک دیوار کے لیے بھی ان کا انتخاب کرکے اسے دلکش بناسکتے ہیں۔ ان وال پیپر کے سبب کمرے کو خوبصورت انداز دیا جاسکتا ہے۔

بلاکس پیٹرن

بلاکس پیٹرن کے اسٹائل والے والے پیپربھی آج کل کافی اِن ہیں، جو کئی رنگوں اور اشکال پر مشتمل ہیں۔ لامتناہی خلا میں تیرتے بلڈنگ بلاک دیکھنے والے کو فریب میں مبتلا کرسکتےہیں، دیکھنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے کہ کہیں آپ اس میں گرتے نہ چلے جائیں، آپ اپنے مزاج کے مطابق ان کو منتخب کرسکتے ہیں۔

ون فلورل پرنٹ پیٹرن

ون فلورل پر نٹ پیٹرن، وال پیپر کی دنیا میں ایک نئی چیز ہے جو خاصی مقبول ہورہی ہے۔ ان وال پیپر کو نصب کرکےکسی بھی دیوار کا حسن بڑھایا جاسکتا ہے۔ ون فلورل پرنٹ وال پیپرز دیوار پر سجی کسی پینٹنگ کی مانند نظروں کو خیرہ کر دینے والی خوبصورتی کے حامل ہوتے ہیں، جو سادہ اور جدید دیواروں کے لیے بھی بہترین انتخاب ہے۔ یہ ان کے لیے بہترین ہے، جو رنگوں کے ساتھ زیادہ تجربات نہیں کرنا چاہتے۔

تازہ ترین