• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طارق عزیز سے مشابہت نے فنی سفر شروع ہونے سے قبل ہی ختم کردیا ، نصرت اعوان

جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی فنکار ،گلوگار اور صداکار نصرت اعوان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں فن کی دنیا میں جو مقام حاصل کرنا چاہتے تھے وہ پاکستان کے معروف اداکار اور طارق عزیز شو کے کمپیئر طارق عزیز کی شکل اور آواز سے مشابہت کے باعث حاصل نہیں کرسکے، جس کا زندگی بھر افسوس رہے گا۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے نصرت اعوان نے کہا کہ اسی کی دہائی میں ان کے لیے پاکستان ٹیلی وژن میں فن کے دروازے کھلے ہی تھے کہ ایک واقعے نےان کے لیے ٹی وی کے دروازے کھلنے سے پہلے ہی بند کردیئے۔

نصرت اعوان جو جاپان بھر میں اپنی خوبصورت آواز، کامیڈی اور ممکری کی بدولت شہرت رکھتے ہیں نے بتایا کہ اسی کی دہائی میں نیلام گھر کے پروڈیوسر عارف رانا سے ایک ملاقات کے دوران طارق عزیز کی آواز میں بات کی جو ان کو بہت پسند آئی جبکہ میری شکل بھی طارق عزیز سے ملتی جلتی تھی۔

ابھی عارف رانا سے آڈیشن جاری تھا کہ طارق عزیز صاحب بھی اسٹوڈیو میں تشریف لے آئے عارف رانا نے ہنستے ہوئے میرا ان سے تعارف کرایا کہ دیکھو طارق میں نے ایک اور طارق عزیز دریافت کرلیا ہے لیکن شاید یہی بات طارق عزیز صاحب کو بری لگ گئی اور نہ صرف میرا آڈیشن منسوخ کرادیا بلکہ مجھے نیلام گھر کا پاس دینے سے بھی انکار کردیا۔

نصرت اعوان کا کہنا تھا کہ بہت تگ و دود کے بعد میری ملاقات کراچی ٹی وی کے جنرل منیجر عبدالکریم بلوچ سے ہوئی ان کو اپنا تعارف کرایا تو انہوں نے فوراً ہی پہنچان لیا اور بولے تم ہی ہو جو طارق عزیز کی نقل اتارتے ہو تمہارے لیے سختی سے منع ہے کہ کوئی کام نہیں ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جب سارے دروازے بند ہوگئے تو میں امریکہ چلا گیا اور وہاں پروگرامز کرتا رہا کچھ عرصے بعد طارق عزیز ایک شو کے لیے امریکا تشریف لائے تووہاں بھی انہوں نے مجھے شو میں مدعوع نہیں کیا۔

نصرت اعوان نے مزید کہا کہ میں آج تک طارق عزیز کے لیے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی انہیں بہترین صحت عطا فرمائے، وہ ہمارے ملک ہی نہیں ایشیا کے بہترین اداکار ، صدا کار اور میزبان ہیں ۔

تازہ ترین