شدید دھند کے باعث خانیوال ملتان موٹر وے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی، بستی ملوک ، لودھراں اور بہاولپور بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے پر حد نگاہ صفر سے 25 میٹر رہ گئی۔ ڈرائیونگ کے دوران فوگ لائٹس استعمال کی جائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام، اسکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 6 رہا جس کا اثر کراچی پر بھی ہے۔
کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ اسلام آباد اور پشاور 2، لاہور 5، مری صفر اور ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔