مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’نواز شریف کا ماتھا چومنے والا آج عمران خان کے بوٹ چاٹ رہا ہے‘۔
ن لیگی رہنما نے شیخ رشید پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے کی ہرزہ سرائی عدالت کے متوقع فیصلے پر اثر انداز ہونے کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکت ہے۔
انہوں نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ نیب کے خود ساختہ ترجمان شیخ رشید کے بیان کا نوٹس لیں۔
رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید کو سیاست کا بنارسی ٹھگ اور جمہوریت کےلئے ناسور بھی قرار دیا اور کہا کہ سب جانتے ہیں شیدا ٹلی نے شیخ رشید تک کا سفر کس طرح طے کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو معلوم ہے کہ شیخ رشید جب ظہور الہی کا بغل بچہ تھے تو ان کے پاس کیا تھا، وہ دوسروں کیخلاف دشنام طرازی سے پہلے اپنی اوقات اور ماضی رکھا کریں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا چپڑاسی اپنی نوکری پکی کررہا ہے، جتنے این آر او شیخ رشید نے لیے ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت کو ہمیشہ خطرہ رہا ہے اور آج بھی یہی خطرہ لاحق ہے۔