اسلام آباد.....گذشتہ ماہ اسلام آباد سے اغوا کیے گئے سابق افغان گورنر فضل اللہ وحیدی کو مردان سے بازیاب کرالیا گیا۔افغانستان کے صوبوں کنڑ اور ہرات کے سابق گورنر کوآج افغان سفارتخانے کے حکام کے حوالے کیا گیا ۔
افغانستان کے سیاسی منظر نامی میں فضل اللہ واحیدی کو ایک بااثر اور اہم شخصیت تصور کیا جاتا ہے۔ان کو دو ہفتے قبل اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 میں واقع رانا مارکیٹ کے قریب سے اس وقت اغوا کر لیا گیا تھا جب وہ رات کو چہل قدمی کر رہے تھے۔
ان کے خاندان کے مطابق وہ اپنے چند دیگر رشتے داروں کے ہمراہ برطانوی ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد میں مقیم تھے۔
سابق افغان گورنر کے اغوا کا مقدمہ ان کے بھتیجے ذبیح اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے چچا کو دو گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
ان کی رہائی کی کوششوں کے سلسلے میں افغانستان کی پارلیمان کے ایک وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وزیرِ اعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔