• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا آصف زرداری، پیپلز پارٹی کا عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف ر پو ر ٹر،طارق بٹ، خبرایجنسی)پاکستان تحریک انصاف نے آصف زرداری اورپاکستان پیپلز پارٹی نے عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیاہے،آصف زرداری کی ناہلی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس کراچی میں درخواست جمع کروائی جس میں کہا گیا ہےکہ آصف زرداری نے گوشواروں میں امریکاکا اپارٹمنٹ ظاہر نہیں کیا، آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی ہوئی ،نا اہل کیا جائے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فرحت اللہ بابر ، نفیسہ شاہ،چوہدری منظور نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروائی، ادھر نمائندہ دی نیوز سے گفتگو میں پی پی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت الزامات ثابت کرنے کے لئے عدالت میں پٹیشن دائرکرے،وہ زرداری کی کسی بھی جائیداد سے متعلق بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن قانون کے مطابق اگر کسی نے اثاثے ظاہر نہیں کیے تو اس کیخلاف الزام عائد کیا جائے نہ کہ حکومت اس کا میڈیا ٹرائل کرے۔تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدراور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن کراچی میں جمع کرادی ہے، گزشتہ روز پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان دیگر رہنمائوں کے ہمراہ سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی درخواست جمع کروانے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے، الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آپ نے خود جمع کرانا ہوگی جس پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ لکھ کر دے دیں۔الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ آپ بلاوجہ اس معاملے کو پیچیدہ بنا رہے ہیں، قانونی افسر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس معاملے پر عدالتی کارروائی کا اختیار اسلام آباد کے پاس ہے اور درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام پر لکھی جائے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کے اصرار پر الیکشن کمیشن درخواست اسلام آباد بھیجنے پر تیار ہوگیا، الیکشن کمیشن سندھ کےبیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صرف اس درخواست کو اسلام آباد روانہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق ریفرنس میں آصف زرداری کے امریکا میں اپارٹمنٹ چھپانے کو جواز بنایا جائے گا، ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے گوشواروں میں یہ اپارٹمنٹ ظاہر نہیں کیا، آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت تمام اثاثے ظاہر کرنا لازم ہے لہٰذا اثاثے چھپانے پر آصف زرداری رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں ہیں۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کر دیا اور الیکشن کمیشن میں عمران خان اور فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست جمع کرادی ،پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس شواہد موجود ہیں،ہم ثابت کرنا چاہتے کہ ان کی منی ٹریل مشکوک ہے،ہم نے ایف بی آر سے عمران خان کی ہمشیرہ کی تمام جائیداد کی تفصیلات مانگیں ہیں ،ابھی تک ان سے منی ٹریل کا نہیں پوچھا گیا،یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے لئے ایک قانون اور دوسری کے لئے دوسرا قانون ہو،پیپلز پارٹی احتساب سے خائف نہیں لیکن سب کے خلاف ایک ہی قانون سے احتساب کیا جائے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عمران خان نے 1997،2002،2013اور 2018 میں جتنے الیکشن لڑے اوران میں اثاثوں کی جو تفصیلات جمع کروائی ہیں ہم نے وہ تمام تفصیلات مانگیں ہیں،فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اکبر ایس بابر نے بھی ایک پٹیشن دائر کی تھی کہ کس طرح ان کا پارٹی فنڈ غلط استعمال ہوا،ہم نے ایف بی آر سے عمران خان کی ہمشیرہ کی تمام جائیداد کی تفصیلات مانگیں ہیں ،ابھی تک ان سے منی ٹریل کا نہیں پوچھا گیا،سیکیورٹی ایکسچینج پاکستان سے بھی ہم نے جہانگیر ترین کے کاروبار کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،اس کیس میں نہ جے آئی ٹی بنی ہے نہ گرفتاری ہوئی،انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف جو ریفرنس دائر کرنا چاہتا ہے کرے ہم قانونی طریقے سے اس کا مقابلہ کریں گے۔ادھر فرحت اللہ بابر نے دی نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تمام جائیدادیں اور اثاثے جو آصف زرداری کے ہیں وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ظاہر کی گئی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں ،وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ زرداری اپنا نیو یارک کامنہاتن اپارٹمنٹ چھپانے پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت قومی اسمبلی کے رکن کیلئے نااہل ہوگئے ہیں ۔پیپلز پارٹی کا ردعمل دیتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس وقت بہت ہی ہائی واٹ پرپیگنڈا ہو رہا ہے کہ جس سے سچ اور جھوٹ میں فرق ناممکن ہوگیا ہے، حکومت کی جانب سے میڈیا ٹرائل کیاجانا اپنے عروج پر ہے ،فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ایسے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے عدالت میں ایک پٹیشن دائر کی جانی چاہیے او ر اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو سب کچھ من گھڑت کہانی ہی ہوگا ،فرحت اللہ بابر نے کہا کہ زرداری اپنا کیس اس وقت پیش کرینگے کہ جب پی ٹی آئی الیکشن کمیشن آف پاکستان یا کسی عدالت میں ظاہر نہ کیا گیا اپارٹمنٹ کا سوال اٹھائیں گے ،ایسے فورم کا کیاگیا فیصلہ ہر ایک کیلئے قابل قبول ہوگا۔

تازہ ترین