• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کا الزام، گوادر انڈسٹریل اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی گرفتار

گوادر(اکبرجندانی،نمائندہ جنگ)نیب کی بلوچستان میں کارروائی ، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی گرفتار، قومی احتساب بیورو بلوچستان نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جیڈا) میں بڑے پیمانے پر مبینہ طورپرکرپشن کے الزام میں مرکزی ملزمان ایم ڈی جیڈا محبوب دشتی اور جی ایم جیڈا فنانس وقاص احمد کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کو عدالت پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیاہے۔ملزمان نے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے اپنے دوستوں ، عزیز و اقارب اور غیر متعلقہ لوگوں کوسرکاری پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ذریعے مبینہ طور پر نہ صرف کروڑوں روپے کا ذاتی فائدہ حاصل کیا بلکہ سرکاری خزانے کو بھی نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔نیب کی تفتیشی ٹیم کو دورانِ تفتیش انکشاف ہو اکہ گوادر انڈسٹریل ا سٹیٹ جس کا قیام گوادر میں صنعت و حرفت کی فروغ کے لئے کیا گیا تھا میں سرکاری اراضی ایسے لوگوں کو الاٹ کی گئی جن کا صنعت و حرفت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ملزمان نے نوکروں ، ڈرائیوروں اور ایسے افراد کو بھی پلاٹس الاٹ کئے جنہوں نے نیب حکام کو بتایا کہ انہوں نے پلاٹس کے لئے کبھی اپلائی ہی نہیں کیا۔جعلی شناختی کارڈز کے ذریعے مختلف لوگوں کو سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ۔
تازہ ترین