لاہور(صباح نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو آصف زرداری سے بچنے کا مشورہ دیا ہے، آصف زرداری نے اپنا نام اٹھارویں اور بلاول بھٹو نے انیسویں ترمیم رکھ لیا ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اور نواز شریف کی پارلیمنٹ کی راہداریوں میں کانا پھوسی ہوئی ہے، کیسز کھلے ہیں تو میثاق جمہوریت یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کا سہرا آل شریف کے سر سجتا ہے، نواز شریف نے چھانگا مانگا اور خرید و فروخت کی سیاست کی ہے، اسفند یارولی، فضل الرحمن اگر ٹھیک ہیں تو ان حالات کا ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ با لواسطہ اداروں سے این آر او مانگا جا رہا ہے، خادم اعلیٰ کے پاس دو تہائی اکثریت تھی لیکن صوبہ نہیں بنایا اب یاد آرہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے، جنوبی پنجاب صوبہ کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے ایک سال کے اندر اس کو آگے لے کر جائیں گے۔