کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ ہمارے خلاف الزام جھوٹے ، جعلی دستاویزات کے ذریعے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا جبکہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ ون یونٹ کی طرف دھکیلا جارہا ہے، ایک طرف گیس اور پانی بند ، دوسری طرف صوبوں کو فنڈز بھی نہیں دیے جارہے۔گزشتہ روز چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت سینئر رہنمائوں اور اراکین اسمبلی کا اجلاس ہوا ، بلاول ہائوس میں اجلاس کے دوران بینظیر بھٹو کی برسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں خورشید شاہ،مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، قمر الزمان کائرہ ، نثار احمد کھوڑو، علی مدد جتک، ہمایوں خان، چوہدری لطیف اوردیگر نے شرکت کی ،سابق صدرآصف علی زرداری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشکل حالات سے گھبرانے والے نہیں ، مشکل حالات میں ہم ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر اُبھرتے ہیں، موجودہ حالات کو مشکل وقت نہیں سمجھتا، مشکل وقت وہ تھا جس کا سامنا شہید بی بی نے کیا، شہید بی بی نے ضیاء جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،ہمارے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں،جھوٹے دستاویزات کے ذریعے ہمیں ڈرایا و دھمکایا نہیں جاسکتا، ہم پر جتنا ظلم کیا جائیگا، ہم برداشت کا بھی اتنا حوصلہ رکھتے ہیں، ہم اِتنا برداشت کریں گے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا یوم شہادت بھرپور عقیدت و احترام سے منائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے،ایک طرف پانی و گیس بند، دوسری جانب صوبائی حکومت کو فنڈز بھی نہیں دیئے جاتے، کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم بھی چلائی گئی ،شہید بھٹو نے ملک کو 1973ع کا آئین دیا، آمروں نے متفقہ دستور کا حلیہ بگاڑدیا، ہم نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، ہم 18 ترمیم کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونگے،27دسمبر کو عوام گڑھی خدابخش میں جمع ہو کر سازشی عناصر کو شکست فاش سے ہمکنار کریں گے، بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کیا جاسکتا اور انشااللہ پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے الیکشن جیتے گی اور وفاق سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومتیں بھی بنائے گی۔