کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی گرفتار کا اللہ مالک ہے ، انتقام تو مجھ سے لیا جارہا ہے ۔ کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم حسین اور شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے گواہ محمد تاج اور سید رضوان بھی پیش ہوئے۔ فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کسی کاروائی 12 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ آئندہ سماعت پر نیب کے گواہ سید رضوان کے بیان پر ملزمان کے وکلا جرح کریں گے۔ سماعت کے بعد سابق وفاقی مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سابق صدر کی پیشی سے متعلق سوال پر کہا کہ آوٹ آف کورس۔ آصف زرداری کی گرفتاری سے متعلق بولے اللہ مالک ہے۔ پیپلز پارٹی سے سیاسی انتقام پر سوال پر ڈاکٹر عاصم حسین بولے کہ انتقام تو مجھ سے لیا جارہا ہے۔