وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کل سے 4 ملکی دورے کا آغاز کر رہے ہیں، اس دوران وہ متعلقہ ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی کل سے افغانستان،ایران،چین اور روس کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔
وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک وفد بھی جائے گا، ان دوروں کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہمسائیہ ممالک سے بہتر تعلقات کا فروغ ہے۔
ترجمان کے مطابق 4 ممالک کی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں تیزی سے تبدیل ہوتی علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں افغان مصالحتی عمل کے حوالے سے حالیہ پیشرفت بھی بات ہوگی کیونکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغان تنازع کا حل افغانوں کے درمیان امن عمل سے ہی ممکن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی برادری نے بھی پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ہے کہ افغان تنازع صرف مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں،اپنے 4 ملکی دورے کے دوران خطے کی بہتری پر بات کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم علاقائی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔