لاہور، اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خبرایجنسی) حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نےکہا ہےکہ نواز ، شہباز، زرداری معصوم تو بد معاش کون؟انکی جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں،وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہےکہ نظام بدل رہا ہے، 2ہفتے میں مزید خوشخبریاں ملیں گی، نواز، شہباز ،زرداری اور سعد رفیق ٹھگز آف پاکستان ہیں، ٹھگز آف ہندوستان کی طرح یہ فلم بھی زیرو ہوگی جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہےکہ یقین ہے ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن نے کہا ہےکہ عمران کی سیاست سازش سے شروع ، اردگرد چور جمع ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ اصل بدمعاش وہ سیاسی مینڈک ہیں جو ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں،آصف زرداری کا ترجمان رہنے والا آج کس منہ سے ان سے متعلق بیان بازی کررہا ہے؟ نفیسہ شاہ اور سعید غنی کاکہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان علیمہ اور ترین کو بھی احتساب کیلئے پیش کریں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کاکہناہےکہ نیب عمران خان سے ہیلی کاپٹر کیس کا کیوں نہیں پوچھتا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے حقائق سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی، پچھلے حکمرانوں نے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، زرداری اور نواز شریف صاحب کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا تاہم کرپٹ حکمرانوں کو عبرتناک سزا دینے تک اس نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کیا جا سکتا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت ارب پتی ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے بے دردی سے ملک کو لوٹا، ان کی ملک میں موجود جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں۔قبل از وقت انتخابات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، عوام سے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے جلسے کرنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، عوامی رابطہ مہم کیلئے سب سے پہلا جلسہ 27 جنوری کو میانوالی میں ہوگا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سب کی نظریںعدالتی فیصلے پر ہیں، کیس بڑا سیدھا ہے کہ سعودی عرب اور دبئی میں نواز شریف اور بچوں کی جائیدادیں ہیں اور سوال یہ ہے کہ جائیدادوں کے لیے پیسا کہاں سےآیا جس کا جواب دینے سے یہ قاصر ہیں،جس عمر میں بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے، ان کے بچے ارب پتی بن گئے، ٹیلنٹڈ ماں باپ نے بچوں کے اکاؤنٹس میں پیسے بھرے، یہ بلیک میلر کا گروپ ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آپس میں اتحاد ضرور کریں، سارے اکٹھے ہو کر ٹھگز آف پاکستان اتحاد بنالیں، جس طرح حال ہی میں بھارت میں ٹھگز آف ہندوستان فلاپ ہوئی ، ٹھگز آف پاکستان اس سے بھی زیادہ بری طرح فیل ہو گی، زرداری صاحب بھی کہتے ہیں کہ وہ معصوم ہیں اگر زرداری، نواز اور شہباز معصوم ہیں تو بدمعاش کون ہے؟نیب صحیح کام کر رہا ہے لیکن مزید بہتری کی گنجائش ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ تعالی کی مہربانی ہے کہ عمران خان جیسے کچھ لوگ عوام کا سوچتے ہیں، نظام بدل رہا ہے، آپ دیکھیں گے پاکستان میں بہت بہتری آئے گی، معاشی حوالے سے ہفتے دو ہفتے میں مزید خوشخبریاں ملیں گی، سیاحت کے لیے پاکستان کی ویزا پالیسی میں نرمی لانا چاہ رہے ہیں اور سیاست کا پرانا نظام بدل رہے ہیں۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کا وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان کے ردعمل میں کہنا تھا کہ اقتدار کی لالچ میں محسنوں سے احسان فراموشی کرنافواد چوہدری کے خون میں شامل ہے، یہ موصوف کپتان اور ان کی جماعت کیلئے آستین کے سانپ ثابت ہوں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان کے لاہور کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست سازش سے شروع ہوتی ہے اور سازش پر ختم، ہمیں سب کا احتساب قبول ہے لیکن انتقام کی مذاحمت کریں گے۔ عمران خان کو چاہیے کہ اپنی ہمشیرہ علیمہ خان، علیم خان اور ترین کو بھی احتساب کے لئے پیش کریں، چندہ چوری کرنے والے کو عوام لیڈر نہیں مانتے۔ عمران خان جعل سازی کرکے اقتدار میں آئے۔ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ تاریخ 2018ءکے انتخابات کو تاریک انتخابات قرار دے گی کیونکہ ایک چندہ چور کی خاطر انتخابی نتائج چوری کئے گئے، علیمہ خان کے خلاف تحقیقات ہوئی تو عمران خان پکڑے جائینگے، اس لئے علیمہ خان سے منی ٹریل نہیں پوچھی جاتی،شوکت خانم ٹرسٹ کے فنڈز کی فرانزک تحقیقات کرائی جائیں، یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ ٹرسٹ کی ایک ڈائریکٹر نے بیرون ملک جائیداد بنائی ہے، علیمہ خان نے اپنے بھائی سے مل کر چندے میں خرد برد کی۔ادھرمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسا احتساب ہے جو گرفتا ر پہلے کرتاہے اورالزام بعدمیں تیارکرتاہے؟ صرف عمران صاحب ہی اپنے ساتھ اورگھرمیں چوربٹھا کردوسروں پرچوری کا الزام لگا سکتے ہیں۔