پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی صاحب واضح کرتا ہوں کہ نیب کے پیچھے چھپ کر نہ کھیلو، سیاسی میدان میں آؤ اور پنجہ آزمائی کرو۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سزا ہوگئی، قوم کہتی ہے کے پی میں ہیلی کاپٹر کا حساب دو، چور اور ڈاکو کہہ کر آپ خود کو مسٹر کلین نہیں کہہ سکتے،علیمہ خان کے ذرائع آمدن کیا تھے اور ان کی جائیدادیں کیسے بنیں؟
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنا کر کوئی احسان نہیں کیا، پوری قوم نے اپوزیشن کو مینڈیٹ دیا ہے،آپ ووٹوں کی چوری نہ کرتے تو آج آپ کی کرسی پر ن لیگ کا امیدوار بیٹھا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی مہنگائی سے کمر ٹوٹ چکی ہے،آپ دن رات جھوٹ بولتے ہیں اورکہتے ہیں یوٹرن نہ لینےوالا لیڈر نہیں ہوتا،نیازی صاحب مشرف کے10 سال کے دور میں بھی نوازشریف سرخرو ہوئے تھے۔