• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے مریم نواز ہی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گی

اسلام آباد(فاروق اقدس /نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو سات سال کی سزا سنائے جانے کے بعد ایک ایسی صورتحال میں جب میاں شہباز شریف بھی بعض الزامات میں نیب کی تحویل میں ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور راہنمائی اب کون کرے گا۔پیر کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں نے جب میاں نوازشریف سے یہ سوال کیا کہ اب پارٹی کی قیادت کون سنبھالے گاتو انہوں نےاس سوال کا کوئی واضح جواب دینے کی بجائے یہ کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مضبوط ہاتھوں میں ہے، قافلہ رواں دواں رہے گا۔یہ جو میرے دائیں بائیں کھڑے ہیں یہی لوگ اب پارٹی کی قیادت ہیں۔ وزارت عظمیٰ سے معذولی اور سیاست سے نااہلی کے عدالتی فیصلوں کے بعد میاں نوازشریف نے گوکہ اپنی صاحبزادی مریم نواز کو کوئی تنظیمی عہدہ نہیں دیا تھا لیکن اپنے بعض فیصلوں اور اقدامات سے واضح طور پر یہ پیغام دیا تھا کہ اُن کی زندگی میں ہی اُن کی سیاسی جانشین مریم ہی ہونگی اور اپنی اس خواہش کی تکمیل اور عوامی سطح پر اس کے اظہار کیلئے اپنی وزارت عظمیٰ کے آخری دنوں میں انہوں نے مریم کو بعض ایسی ذمہ داریاں بھی تفویض کردی تھیں جن کی انجام دہی وہ وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کرکیا کرتی تھیں ۔ اس لیے بعض مسلم لیگی راہنماؤں کی خواہش کے برعکس ایسا لگتا ہے کہ مریم نواز ہی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گی البتہ ہوسکتا ہے کہ ابتدائی طور پر وہ تنظیمی فیصلے اور دیگر اُمور غیر اعلانیہ طور پر دھیمے انداز میں انجام دیں ،جس کی وجہ پارٹی کی قیادت میں دلچسپی رکھنے والے بعض قائدین بھی ہوسکتے ہیں اوروہ لوگ بھی جو اس مقصد کیلئے ’’پابہ رکاب‘‘ ہیں ، پھر اگر ایسی خبروں میں کوئی حقیقت ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارورڈ گروپ بنائے جانے کا اُصولی فیصلہ ہوچکا ہے تو اس کے منظر عام پر آنے کے لیے بھی اب زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا اور نہ ہی ایسی پیشرفت کرنے والے (ارکان) مزید انتظار کریں گے۔

تازہ ترین