• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، چیف جسٹس نے آئس کریم کمپنی کے یونٹ بند کرنیکا حکم دیدیا

لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے مضر صحت آئس کریم کمپنی کے تمام پروڈکشن یونٹ بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھتا ہوں کون سا چینل اور اخبار ناقص چیزیں بنانے والی کمپنیوں کیخلاف خبر نہیں چلاتا جبکہ سپریم کورٹ نے صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے ڈی جی پیمرا کو آج طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں گورمے بیکری کی آئسکریم میں مضر صحت اجزا کی موجو د گی کا معاملے کیخلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے کی ۔ چیف جسٹس نے آئسکریم کے تمام پروڈکشن یونٹ بند کرنے کا حکم دیدیا ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہا کہ تمہاری جرأت کیسے ہوئی مجھے سفارش کرانے کی ، جو میرے پاس سفارش لیکر آئے اسے اپنا انجام یاد ہونا چاہئے، چھان بین ہوگی تو سب پتہ چل جائے گا ؟ آپ بدمعاشی کرتے ہیں سرکاری آفیسر کے خلاف مہم چلاتے ہیں ؟ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے بتایا کہ کارروائی کرنے پر کردار کشی کی مہم چلائی گئی جس پر چیف جسٹس نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گورمے آئسکریم کا پروڈکشن یونٹ سیل کرنے کا حکم دیا ۔ ڈی جی فود اتھارٹی نے عدالت کو مزید بتایا کہ دیگر نیوز چینلز اور اخبارات ناقص پروڈکٹس کے خلاف خبر نہیں لگاتے۔ اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں کون سا چینل اور اخبار ناقص اشیاء بنانے والی کمپنیز کے خلاف خبر نہیں چلاتا اور چیف جسٹس نے ڈی جی پیمرا کو (آج ) طلب کرلیا۔

تازہ ترین