مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید کو جلن اور حسد سے گریز کرنا چاہیے، افسوس ہے انہوں نےسپریم کورٹ میں انجنوں کی قیمت پر غلط بیانی کی۔
سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف پتہ نہیں کون کون سی انکوائریز شروع کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جو سزا دی گئی اس سے بڑا ظلم کوئی نہیں، احتساب کے نام پر مسلم لیگ نون کو ٹارگٹ کیا جا رہا،ہماری باری جوآئی ہوئی ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے میں گرانقدر کام کیا ہے، 22کروڑ میں امریکی ریلوے انجن آتا ہے نہ 44کروڑمیں خریدا گیا، دونوں معاملے پر شیخ رشید غلط بیانی کر رہے ہیں۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری بھی شروع ہوگئی ہے ،اس پر کیا کہتے ہیں؟
خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ میرے ساتھ نیب کا رویہ ٹھیک ہے، میرے خلاف کیس غلط ہے، مجھےنیب قانون پر اعتراض ہے۔