سنچورین (جنگ نیوز) سپر اسپورٹ پارک میں جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولرز کے تابڑ توڑ وار ، دونوں ٹیموں کے بیٹسمین ناک آئوٹ ہوتے رہے۔ پیسرز نے مجموعی طور15وکٹیں اڑادیں۔ بابر اعظم کی جارحانہ اننگز نے پاکستانی بیٹنگ کی لاج رکھ لی۔ گرین کیپس پہلی اننگز میں181رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ جواب میں بدھ کو کھیل ختم ہونے تک 127 پر پانچ پروٹیز بیٹسمینوں کو بھی فارغ کردیا تھا۔ پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لئے اسے مزید54رنز کی ضرورت ہے۔ ٹیمبا بائوماچھ چوکوں کی مدد سے 38 اور ڈیل اسٹین 13رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ شاہین آفریدی اور محمد عامر نے دو، دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ابتدائی مشکلات کے بعد جنوبی افریقا کی بیٹنگ سنبھل گئی۔ کپتان سرفراز احمد آخری لمحات میں محمد عامر کو بولنگ کروانے لائے تو وہ ڈی بروئن اور بائوما کی اہم شراکت توڑنے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے بروئن کو 29 کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا ۔ پانچویں وکٹ پر69 قیمتی رنز بنے۔ قبل ازیں ایڈن مارکرام اور ڈین ایلگر نے میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 19 رنز بنائے۔ حسن علی نے مارکرام کو 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ہاشم آملہ نے آٹھ، ڈین ایلگر نے 22 اور کپتان فاف ڈوپلیسی بغیر کوئی اسکور کیے پویلین لوٹے۔ شاہین آفریدی نے ایلگر اور ڈوپلیسی کو دو مسلسل گیندوں پر آئوٹ کیا۔ میزبان ٹیم کے چار وکٹ43رنز پر گر گئے۔ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں چائے کے وقفے پر181رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ امام الحق، سرفراز احمد اور شاہین آفریدی صفر پر آئوٹ ہوئے۔26سالہ اولیویئر نے بہترین بولنگ کی۔ کیریئر کا چھٹا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈوائن اولیویئر نے 14 اوورز میں 37 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ پہلی بار پانچ یا زائد وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ۔ کاگیسوربادا نے59رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔ بولنگ کے لئے سازگار پچ پر نوجوان بابر اعظم نے71فائٹنگ رنز15چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اظہر علی نے69گیندوں پر36رنز سات چوکوں کی مدد سے بنائے۔ حسن علی نے28گیندوں پر21ناٹ آئوٹ رنز ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ نویں آؤٹ ہونے والے بابر اعظم نے انتہائی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انھوں نے 24 گیندوں میں جنوبی افریقا کے کامیاب ترین فاسٹ بولر اسٹین کو10 چوکے لگائے۔ پاکستان کے سات وکٹ96 رنز پر گر چکے تھے۔ بابر اعظم نے حسن علی کے ساتھ نویں وکٹ پر67قیمتی رنز بنائے۔ اظہر علی اور شان مسعود کے درمیان تیسرے وکٹ پر37رنز کا اضافہ ہوا۔ اننگز کے آغاز میں پاکستان کی ٹیم دباؤ میں دکھائی دی اور امام الحق بغیر کوئی رن بنائے کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان 17کے مجموعی اسکور پر12 رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔54 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 19 رنز بنانے کے بعد بدقسمت انداز میں بولڈ ہوگئے۔شان مسعود ان فٹ حارث سہیل کی جگہ میچ کھیل رہے ہیں۔صرف 17 رنز پر دو وکٹوں کے گرے۔اسد شفیق بھی جنوبی افریقی بولنگ لائن کا سامنا نہیں کر پائے۔وہ 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔کھانے کے وقفے کے بعد 86 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی اولیویئر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اسی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے کپتان سرفراز احمد بھی بولڈ ہوگئے۔عامر بھی ان کا شکارہوئے۔