بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل )پیپلزپارٹی بریڈفورڈ کے صدرآصف نسیم راٹھور نے اپنے ایک بیان میں موجودہ حکومت اورادارہ نیب کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا اور آصف علی زرداری کی گرفتاری کی گئی تو ہم اس کے خلاف برطانیہ بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے ،نیب ایک بے رحم ادارہ ہے، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ زید بکر دوست دُشمن سب کا احتساب ہوتا نہ کہ انتقام، بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں جمہوری حکومتیں پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے کے باوجود اس ڈکٹیٹر کے بنائے ہوئے کالے قانون کو باہمی اختلافات کی وجہ سے ختم نہ کر سکیں، اب حکومت اس قانون کے ذریعہ سے سابقہ حکمرانوں اُن کے وزراء ان کے ساتھ تعلق رکھنے والے عام لوگ یا آفیسر سب کو تختۂ مشق بنا رہی ہے، نیب کے ذریعہ ہر اس شخص کو جو حکومت وقت کی ہاں میں ہاں نہیں ملاتا یا پھر اُن کی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کر لیتا اس پر کیس بنا کر نیب کے حوالہ کر دیا جاتا ہے ۔ ظلم اور بربریت کی انتہا ہے کہ اس پروفیسر جاوید نے کون سا ایسا جرم کر دیا تھا کہ مرنے کے بعد بھی ہتھکڑیوں اور زنجیروں سے باندھا ہوا تھا، اس سے بڑھ کر انسانیت کی اور کیا تذلیل ہو سکتی ہے، ان ذمہ دار پولیس اور نیب کے اہلکاروں پر پروفیسر جاوید کے قتل کا مقدمہ درج ہونا چاہئے، مرنے کے بعد ہی ہتھکڑیاں کھول دیتے،بے حسی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، مظلوم کی آہیں اور بد دعائیں اللہ کے عرش کو ہلا دیتی ہیں۔