پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں بھتہ نہ دینے پر بھتہ خوروں نے دکاندار پر فائرنگ کردی جس سے دکاندار بال بال بچا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کے علاقے نیکا پورہ میں پیش آیا جہاں پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم حسنین عرف موٹو نے بیرون ملک سے واٹس ایپ کال کے ذریعے تاجر عبدالرحمان سے 50ہزار روپے بھتہ مانگا۔
انکار پر حسنین کے ساتھیوں نےعبدالرحمان کی موبائل شاپ پر فائرنگ کردی ۔
ہیلمٹ پہنے اور ہاتھ میں پسٹل پکڑے ایک شخص نے دکان کے سامنے کھڑے ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگیا، واقعے میں دکاندار عبدالرحمان بال بال بچ گیا۔
ملزم حسنین عرف موٹوں کی واٹس ایپ ویڈیو کال بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں وہ تاجر کو جان سے ماردینے کی دھمکیاں دیتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔