• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی جونیئر اسکواش ٹیم برطانیہ میں پاکستان کا نام روشن کرے گی، کونسلر ظفرعلی ، نویدہ اکرام

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان کی قومی جونیئر اسکواش ٹیم کے اعزاز میں معروف کاروباری شخصیت زاہد مغل، پاکستانی سوسائٹی اور جاوید قادر کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں لارڈ میئر آف بریڈ فورڈ کونسلر ظفر علی، سابق لارڈ میئر نویدہ اکرام، پاکستان سوسائٹی کے قاسم اعوان، چوہدری اصغر، فیصل خان، اشفاق مغل نے شرکت کرتے ہوئے قومی جونیئر ٹیم کو خوش آمدید کہا، زاہد مغل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جونیئر ٹیم کا برٹس اسکوائش چیمپئن شپ میں حصہ لینا پاکستانی کمیونٹی کے لیے قابل فخر ہے اور امید ہے، قومی ٹیم پاکستان کا نام روشن کرے گی اور ٹائٹل جیت کر اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو نئے سال کا خوب صورت تحفہ دے کر جائے گی۔ پاکستان سوسائٹی کی جانب سے نویدہ اکرام، چوہدری محمد اصغر اور قاسم علی نے کہا کہ پاکستانی سوسائٹی پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کے حوالے سے ہر کام کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی، برطانیہ میں برٹش پاکستانی نوجوان نسل کو بھی اس کھیل کی جانب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ جاوید قادر نے کہا کہ پاکستان کے جہانگیر خان، جان شیر خان اور پاکستان کے قومی ہیرو نے اپنے بہترین کھیل سے جس طرح پوری دنیا میں پاکستان کے جھنڈے کو بلند رکھا، امید ہے کہ جونیئر اسکوائش ٹیم بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرے گی۔ قومی جونیئر اسکوائش ٹیم کے منیجر ائر کمانڈر آفتاب صادق قریشی نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں۔ ائر فورس کی نگرانی میں قومی ٹیم ایک بار پھر دنیا پر راج کرے گی، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیرحضرات اور کاروباری تنظیمیں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی حوصلہ افزائی اور سپورٹ کریں، پاکستان جونیئر اسکواش ٹیم میں انڈر19کے عباس زیب، حمزہ شریف، انڈر17کے حارث قاسم، فرحان ہاشمی، انڈر15کے محمد حمزہ خان، نور زمان اشباب عرفان، جب کہ انڈر13کے انس بخاری اور محمد احمد برٹش جونیئر چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ چیمپئن شپ دو جنوری سے چھ جنوری تک برمنگھم میں منعقد ہوگی۔ انڈر19کے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ کھلاڑیوں نے ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ سے کچھ روز قبل برطانیہ آنے کا مقصد یہی ہے کہ یہاں کے ماحول میں ہم خود کو ایڈجسٹ کرلیں اور یہاں پریکٹس اور برطانیہ میں اسکوائش کے کھیل سے موجود سسٹم کو سمجھ سکیں۔

تازہ ترین