راچڈیل (نمائندہ جنگ) ہم جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور حکومت کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف کوئی اقدام اٹھایا تو پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں احتجاج کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو عالمی سطح کے لیڈر تھےلیکن انہیں شہید کردیا گیا، پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے پاکستان کے عوام کوئی اور صدمہ برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں موجودہ حکومت پاکستانی سیاستدانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کا سلسلہ بند کرے۔ہم حکومت کیلئے ترنوالہ نہیں جسے وہ آسانی سے نگل جائے۔ حکومت سے ایک دن بھی احتجاج برداشت نہیں کیا جاسکے گا موجودہ لالی پاپ حکومت اپنے جانے کا خود ہی سامان پیدا کر رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کے کارکن صدمات برداشت کرنے کے عادی ہیں،اب ہر گلی اور کوچے میں جئے بھٹو کے نعرے بلند ہوں گے۔