نوڈیرو(این این آئی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زر داری نے حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ لاڈلے کے پھٹے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے لہٰذ ہم انہیں اکیلے ہی منہ دیں گے ٗ ہم ان کے بنائے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے ٗ پہلے بھی ان ہتھکنڈوں کامقابلہ اور اب بھی کرینگے ٗ بلاول میرا اور بے نظیر کا بیٹا ہے، اسے کیا ڈراؤ گے ٗیہ کہتے ہیں کہ سو دن بہت کم ہیں ٗ ان پھٹے ڈھولوں کو سوائے ٹی وی پر بکواس کے اور کچھ نہیں آتا ٗہم ان سے جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے ٗ ٹھپے مار کر دوبارہ الیکشن جیتیں گے ٗہم باپ بیٹا اور پوری پارٹی کھڑے ہیں، ان کا مقابلہ کریں گے اور جواب دیں گے۔نوڈیرو میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سب کے ڈھول پھٹے ہوئے ہیں‘ ان سب کو ہم پی پی والے اکیلے ہی منہ دیں گے اور ہمارے جیالے منہ دیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ میں نے سو دنوں میں بی بی کارڈ دے دیا تھا ٗ آئینی ترمیم کا کام کردیا تھا، انہوں نے سو دنوں میں کچھ نہیں کیا، یہ کہتے ہیں کہ سو دن بہت کم ہیں ٗجو کام کرنا جانتا ہو اس کے لیے بہت ہیں جسے کچھ نہیں آتا اس کیلئے کچھ نہیں‘آصف زرداری نے کہا کہ ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی، یہ پاکستان کو نہیں چلاسکتے اور معیشت کو بھی نہیں سنبھال سکتے۔حکومت کو دنیا کے دوستوں سے بڑی مدد ملی ہے لیکن اس کے باوجود ان سے ملک نہیں چلایا جائے گا‘انہوں نے کہا کہ نہ وہ دیکھ سکتے ہیں، نہ سن ستے ہیں اور نہ بول سکتے ہیں، ان کے پاس کوئی سوچ سمجھ نہیں، ہم ان سے عدالتوں سمیت ہر جگہ لڑیں گے ٗ ہم سب لڑنے کیلئے تیار ہیں اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ جہاں سے یہ شروع کریں گے وہاں سے ہم ختم کریں گے، جس نے بھی آنا ہے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، ہم باپ بیٹا اور پوری پارٹی کھڑے ہیں، ان کا مقابلہ کریں گے اور جواب دیں گے۔