کراچی (ٹی وی رپورٹ) آصف زرداری جیل جاتے اور نااہل ہوتے نظر آرہے ہیں عمران خان ملک میں ون یونٹ نظام نہیں لاسکتے اور ناں وہ ایسی کوئی کوشش کررہے ہیں۔ یہ کہنا تھا مظہر عباس ‘ سلیم صافی ‘ ارشاد بھٹی‘ محمل سرفراز‘ بابر ستار اور حفیظ اللہ نیازی کا جو جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان ابصاء کومل کے سوالات پر بات کر رہے تھے۔آصف زرداری کا مستقبل کیا ہوگا جیل یا پھر نااہلی ؟ کے جواب میں سلیم صافی نے کہا کہ میں پہلے ہی نوا ز شریف اور زرداری کے جیل جانے کو خوش آئند قرار دے چکا ہوں بلاول جو باتیں آج کر رہے ہیں وہ مہینہ پہلے کیوں نہیں کر رہے تھے یہ تو کافی پہلے سے ہورہا ہے ان لوگوں کی ذات کا معاملہ آتا ہے تو پھر ان کو قوم بھی یاد آجاتی ہے دونوں طرف سے معاملہ ایک ہی طرح کا گڑ بڑ ہے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی رپورٹ کا 10فیصد بھی سچ ہے تو جیل اور نااہلی دونوں ہوں گی۔ محمل سرفراز نے اپنی رائے میں کہا کہ ایف آئی آر درج ہوئی تو آصف زرداری کو جیل جانا ہوگا۔ مظہر عباس نے کہا کہ ابھی جو صورتحال ہے اس میں نااہلی کی طرف بات جاتی نظر آرہی ہے۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا زرداری چند دنوں میں جیل میں ہوں گے اس وقت جو الزام لگ رہے ہیں ان کی اہمیت ختم ہوگئی ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ بلاول کو تو نہیں مگر جس نے یہ تقریر لکھی تھی اس کو ستارہ امتیاز ملنا چاہئے کہتے ہیں مساوت اور استحصال ختم کرنا چاہتے ہیں کب کریں گے؟ 21سال ہوگئے حکومت میں رہتے ہوئے اپنی تقریر میں بلاول نے جن مسائل کا ذکر کیا ان کو حل کس نے کرنا تھا۔