ڈائٹنگ اب فیشن نہیں ضرورت بن گئی ہے۔ زندگی کی بڑھتی مصروفیات اور ورزش نہ کرنے کےسبب موٹاپا چڑھنا دنیا بھر میں ایک مسئلہ تسلیم کیا جانے لگا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے قارئین بھی اس کا شکار ہوں۔ اس لیے ہم اپنی تحریروں کے ذریعےانھیں دورانِ ڈائٹنگ مفید غذائیں، مشروبات یا پھر صحت بخش ناشتے سے متعلق آگاہی فراہم کرتے رہتے ہیں۔ یہ آپ کی ڈائٹ روٹین ہی ہے، جو آپ کا وزن کنٹرول کرنے میں مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ ڈائٹنگ کے دوران کچھ مرغوب غذاؤں سے دوری کی قربانی تو سب ہی کو دینی پڑتی ہے لیکن یہ قربانی صبح کا ناشتہ ،دوپہر یا پھر رات کے کھانے کی صورت ہر گز نہ ہو۔ مثلاً اکثر افراد رات کو کھانا کھانے سے اجتناب کرتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے ان کا وزن کم ہوجائے گا جب کہ درحقیقت ایسا ہوتا نہیں۔ آپ رات کا کھانا کھائیں اور ضرور کھائیں لیکن کم مقدار میں۔ رات کے کھانے میں اگر کچھ صحت بخش غذاؤں سے متعلق آپ پریشان ہیں تو آئیے ہم آپ کی اس مشکل کو دور کردیتے ہیں۔
ایشین ڈائٹ ڈنر
ہمارے یہاں عام طور سے دیکھا گیا ہے کہ رات کے کھانے میں دیر سویر اور رات کو دیر سے سونے کی بدولت صبح اٹھنے کوجی نہیں چاہتا لیکن بچوںکو اسکول بھیجنے یا آفس جانے کی وجہ سے جلدی اٹھنا روز کا معمول ہے۔اس لیے اگر آپ ڈائٹ پر ہیں تو کوشش کریں کہ جلدی سونے اور جلدی اٹھنے کی عادت ڈالیں، دوسری اہم چیز یہ کہ رات کا کھانا سونے سے کم ازکم 3گھنٹے پہلے لازمی کھالیں ۔ایشین ڈائٹ ڈنر کے مطابق پاکستانی خواتین رات کے کھانے میں 400 سے 600کیلوریز تک اپنے ڈنر میں شامل کرسکتی ہیں۔
٭ایک چپاتی (140کیلوریز ) اورآدھا کپ سبزی (200 کیلوریز) جوزیتون یا کم چربی والے تیل میں پکی ہو
٭ایک کپ دال (90 کیلوریز)اور ایک پیالہ سلاد (110کیلوریز)
٭ایک کپ سادے چاول(200 کیلوریز)،ایک کپ دال (90کیلوریز)اور ایک پیالہ سلاد (110 کیلوریز )
٭2چکن پیسز (300 کیلوریز، 56 گرام پروٹین ،6 گرام چربی )ایک چپاتی(140کیلوریز) اور ایک پیالہ سلاد(110کیلوریز)
رات کے کھانے کا بہترین وقت:طبی ماہرین رات کے کھانے کے لیے بہترین وقت شام 7 سے 8 بجے بتاتے ہیں۔ ان کے مطابق رات کا کھانا 8 بجے کھا لیا جائے، دو سے تین گھنٹے اہل خانہ کے ساتھ گزارلیں یا پھرکوئی پسندیدہ فلم دیکھ لیں تاکہ آپ کا کھانا ہضم ہوجائے اور آپ نظام انہضام کے مختلف مسائل سے محفوظ رہ سکیں ۔
اگر آپ انگلش ڈائٹ اپنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ایشین کے بجائے مندرجہ ذیل ڈنر پلان پر توجہ دیں۔ یہ کیلوریز میں کم اور ایشین ڈنر پلان سے ہلکا پھلکا ہوتا ہے۔
غذائیت سے بھرپوراسپیگھٹی
زیادہ تر خواتین کو اسپیگھٹی پسند ہوتی ہے اور رات کا کھانا چونکہ ہلکا مگر غذائیت بھرا ہونا چاہیے، تو کیوں نہ کچھ منفرد انداز سے غذائیت بھری اسپیگھٹی کو رات کے کھانے میں شامل کیا جائے، جودوران ڈائٹنگ آپ کے لیے صحت بخش بھی ہو۔ اسپیگھٹی میں شامل کیے جانے والے اجزا درج ذیل ہیں، جوآپ کو رات کے کھانے میں 420کیلوریز فراہم کریں گے ۔
٭ایک کپ شملہ مرچ
٭آدھا کپ کٹی ہوئی لال پیاز
٭ایک چمچ زیتون کا تیل
٭ایک کپ ابلی ہوئی گندم سے بنی اسپیگھٹی
٭تین چوتھائی کپ سویا بین
ان مخصوص مقدار میں لیے گئے اجزا سے آپ اپنے لیے ایک بہترین ڈنر ریسپی تیار کرسکتی ہیں۔
کریمی ایواکاڈو
ایواکاڈو ایک ایسا پھل ہےجو زیادہ تر سیلیبرٹیز کے ڈائٹ پلان میں شامل ہوتاہے۔ ایواکاڈو سے متعلق انٹرنل میڈیسن ریویومیں کہاگیا ہے کہ اس کا باقاعدہ استعمال انسان میںموٹاپے کے امکانات 33فیصد کم کردیتا ہے جبکہ اس کے استعمال سے کمر کی چوڑائی میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ تو کیوں نہ آپاپنے ڈنر کے لیے کریمی ایواکاڈو کا انتخاب کریں ۔کریمی ایواکاڈو کپ کے لیے آپ ایک عدد ایواکاڈو،ایک چمچ لیمن جوس،ایک چمچ بغیر بالائی کا دہی ،ایک چوتھائی چمچ پسا ہوا زیرہ،ایک چمچ تازہ چاپ کیا ہوا دھنیا اورکچھ عدد سلاد کے پتے بطوراجزا شامل کیے جاسکتے ہیں۔
سامن لیموں کے ساتھ
مچھلی انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے لیکن جب بات ہو وزن کم کرنے کی تو اکثر ڈائٹیشن سامن مچھلی کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ آپ کے جسم کی اضافی چربی کو پگھلا کر آپ کے پیٹ کو کم کرتی ہے، اس مچھلی میں پایا جانے والااومیگا تھری آپ کے پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے۔ڈنر میں مچھلی کا استعمال ڈائٹنگ کے لیے بے حد مفید ہے۔ رات کے کھانے کے لیے خواتین5اونس سامن ،ایک چمچ لیموں کا رس،ایک چمچ اجوائن ،ڈیڑھ کپ ابلی ہوئی بروکولی اور دو تہائی کپ ، گاجریں بطور اجزا استعمال کی جاسکتی ہیں ۔