دسمبر کا مہینہ جہاں ایک طرف نئے برس کی نوید سناتا ہے، وہیں اگلے برس کے لیے نت نئے ڈیکوریشن اسٹائل اور فیشن ٹرینڈز کی ایک لمبی فہرست تھمادیتا ہے۔ اس فہرست کی خاص بات اس میں نئے سال کےلیے سب سےبہترین رنگ کا ہونا ہے۔ یہ رنگ سارا سال گھر کی سجاوٹ اور فیشن ٹرینڈزکااہم حصہ بنا نظر آتاہے۔اس رنگ کا انتخاب معروف امریکی کمپنی کی جانب سے سال کے آخری ماہ کے اختتام پر یا وسط میں کیا جاتا ہے۔ اس بار بھی رنگوں کی اس مشہور کمپنی’ پینٹون‘ کی جانب سے2019ء کے سب سے خاص رنگ کے لیے ’’ لیونگ کورل‘‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس رنگ کو نہ تو آپ اورنج کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی پیچ بلکہ یہ رنگ سرخ اور نارنجی رنگ کے شیڈ سے مل کر بنایا جاتا ہے۔ کمپنی نے اس رنگ کو 2019ء کے لیے منتخب کرنے کا سبب اس رنگ کی خصوصیات مثلاً گرم جوشی، خیال، محبت، تعاون، تنوع کے لحاظ سےخاصی اہمیت اور گرم جوشی کو قرار دیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ رنگ اپنی خصوصیات کے سبب اگلے برس گھر کی تعمیر و سجاوٹ، لباس اور جیولری سمیت ہر جگہ چھایا نظر آئے گا۔ آج زیر بحث موضوع چونکہ آرائش وسجاوٹ سے متعلق ہے تو آئیے بات کرتے ہیں کہ کیسے لیونگ کورل جیسا خاص رنگ گھر کی مختلف جگہوں یا اشیا کے لیےمنتخب کیا جاسکتا ہے۔
گھر کا بیرونی حصہ
سال کے سب سےخاص رنگ کو استعمال کرنے کا آغاز گھر کے بیرونی حصے سے کیجیے۔ برطانوی ڈیزائنر بلیئر گورڈن کے مطابق لیونگ کورل رنگ کا انتخاب آپ کےگھر کے بیرونی حصے کو ساحل پر بنے گھروں جیسا لُک فراہم کرے گا، یہی وجہ ہے کہ برطانوی ممالک میں اس رنگ کا انتخاب گھروں کو ’کوسٹل ٹچ‘ دینے کے لیے کیا جاتا ہے۔ تاہم اس رنگ کے انتخاب کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ گھر کے بیرونی حصہ کے لیے لیونگ کورل کے ساتھ ساتھ ایک اور رنگ کا اضافہ کیجیے۔ یہ امتزاج اس رنگ کی گرمجوش خصوصیات کو زائل کرکے موسم گرما کے دنوں میں آپ کےگھر کے بیرونی حصے کے لیے ایک بہترین رنگ ثابت ہوگا۔
داخلی دروازہ
گھر کا داخلی دروازہ چونکہ گھر کے بنیادی لوازمات میں سے ایک ہے، لہٰذا آپ سال کے سب سے خاص رنگ کو داخلی دروازے کے لیے بھی منتخب کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اس فکر کو پس پشت ڈال دیں کہ آپ کے داخلی دروازے کا رنگ آپ کے گھر کی کلر اسکیم کے ساتھ فٹ بیٹھتا ہے یا نہیں، ویسے بھی ان دنوں داخلی دروازوں کے لیے شوخ اور گہرے رنگ ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ لیونگ کورل کا انتخاب آپ کے گھر کو ٹرینڈی لُک دینے کے ساتھ ساتھ آپ کے مزاج اور ماحول کو متاثر کن بنانے میںبھی اہم کردار ادا کرے گا۔ دوسری جانب اس رنگ کا استعمال داخلی دروازے والی دیوار کے رنگ کےطو پر بھی کیا جاسکتا ہے۔
پردے اور بیڈ کور
ہم جانتے ہیں کہ گھر کی سجاوٹ اور خوشگوار متاثر کن تبدیلی لانا آپ کا پسندیدہ مشغلہ ہے اوراس مشغلے کی تکمیل میں پردوں کا کردار خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ آپ اپنے گھر میں نئے برس کی سجاوٹ کے طور پر بھی لیونگ کورل کے رنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس رنگ کے پرنٹڈ پردے آپ کے بیڈروم کے لیے بہترین ثابت ہوں گے جبکہ بیڈ کور کے لیے بھی اس رنگ کو اپنایا جاسکتا ہے۔ جی ہاں! ہم بیڈ شیٹ کی نہیں بلکہ بیڈ کور کی بات کررہے ہیں کیونکہ پرنٹڈ بیڈ شیٹ کا انتخاب تو سب ہی کرتے ہیں مگر آپ نئے برس میں اپنے بیڈ روم کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دیتے ہوئے لیونگ کورل رنگ کے بیڈ کور کا انتخاب کیجیے۔
فرنیچر کا رنگ
صوفہ سیٹ کسی بھی گھر میں فرنیچر کا لازمی جزو ماناجاتا ہے اور یہ آپ کے گھر کی تزئین و آرائش کے لیے مرکز نگاہ کا حامل ٹھہر سکتا ہے۔ آپ لیونگ روم کے صوفوں کے لیے نئے سال لیونگ کورل رنگ کے دبیز اورپائیدار صوفوں کا انتخاب کیجیے۔ یہ صوفہ سیٹ جہاں دکھنے میں شاندار اور ٹرینڈ کا حصہ لگیں گے، وہیںاس کا پائیدار اور نرم وملائم مٹیریل آپ کے مہمانون کے لیے ایک پرسکون اور آرام دہ بیٹھنے کی جگہ کا انتظام کرے گا۔
کچن کراکری
سال کے بہترین کلر کا اعلان کیے جانے کے فوراً بعدہی معروف کمپنیوں کی جانب سے کلر فل کراکری اور ہوم اپلائنسزکیلئے لیونگ کورل رنگ کا انتخاب کیا جارہاہے۔ لیونگ کورل کنٹراسٹ کے جوسر، بلینڈر، چاپر، ڈنر سیٹ اور کٹلری سیٹ مارکیٹ میںدستیاب ملنے لگے ہیں ۔ آپ انھیں اپنے کچن کی زینت بناکر سال کے سب سے خاص رنگ کو اپنے گھر میں شامل کرسکتی ہیں۔ کچن کراکری کے علاوہ ڈیزائنرز کی جانب سے کچن اور لیونگ روم کیلئے لیونگ کورل رنگ کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ آپ اس رنگ کے اسٹریپڈ پیٹرن کا انتخاب کچن یا لیونگ روم کی دیواروں کے لیے بھی بآسانی کرسکتی ہیں۔