گھوٹکی‘اوباڑو‘سکھر(بیورورپورٹ‘نامہ نگاران) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بہرے‘ گونگے اور اندھے رہتے ہیں‘18ویں ترمیم ہم نے اکیلے نہیں پارلیمنٹ نے منظور کی ہے‘آپ کو شاید اس بات کا دکھ ہے کہ جتنی دھاندلی کہیں اور ہوئی اتنی سندھ میں نہیں ہوئی‘ تو پھرالیکشن دوبارہ کرالیں‘کوشش کرکے دیکھ لیں ہم اس کا بھی مقابلہ کریں گے ‘ہم نے جیت کر بھی اپوزیشن میں رہ کر دیکھا ہے‘گھبرانے کی بات نہیں‘ہمیں کوئی ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی جھکا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ ان کا کہناتھاکہ ہم نے 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو خودمختار بنایا مگر افسوس کہ صوبوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا ہے ‘بات نکلی تو دور تک جائے گی‘قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے‘ صرف تقاریراور مخالفین پر تنقید کرنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوگا بلکہ عوام کو بلا تفریق جب بنیادی حقوق دیئے جائیں گے تو وفاق مضبوط ہوگا‘ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں تاریخ لکھے گی کہ ہم نے اس ملک و قوم کے لئے کیا کیا ہے جس وجہ سے اب سازشیں کی جارہی ہیں ہم تو انتخابات جیت کر بھی اپوزیشن میں بیٹھے ہیں ‘انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کہا کہ ضلع گھوٹکی جتنا ریونیودے رہا ہے وفاق سے بات کرکے کچھ تو ریلیف دلوایا جائے‘ انہوں نے مزید کہا کہ جلسہ عام سے اردو میں تقریر کرنے کا مقصد اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سنانا ہے کہ پی پی قیادت و کارکن کسی سے ڈرنے والے نہیں ۔ سابق صدر نے کہاکہ میری کوئلے کی کانیں نہیں‘ ہم نے کوئلے کی کانیں غریبوں کی ملکیت بنادیں‘ہم حکومت میں لوگوں کی خدمت کرنے آتے ہیں، اپنی خدمت کرانے نہیں آتے۔