سکھر ( بیورو رپورٹ) سکھر پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کر کے 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لیکر رہائش پزیر افراد کے کوائف چیک کئے گئے جبکہ دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1800 گرام چرس برآمد کر لی ، ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ کے مطابق مغوی تاجر مکیش کمار کی بازیابی کیلئے پولیس کی جانب سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اس حوالے سے ملنے والی خفیہ اطلاع پر تھانہ ایئرپورٹ کی حدود کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے اچانک سرچ و کومبنگ آپریشن شروع کیا گیا ، ناز بائی پاس ، بچل شاہ میانی سمیت آس پاس کے دیگر علاقوں میں پولیس نے گھر گھر جا کر تلاشی لی اور رہائش پذیر لوگوں کے خوائف چیک کئے خاص طور پر ایسے مقامات جہاں پر لوگ دیگر شہروں سے آکر رہائش اختیار کرتے ہیں وہاں پر خاص توجہ دی جائے اس دوران کوائف مکمل نہ ہونے پر 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ، حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد سے تفتیش کی جارہی ہے ، ڈاکوؤں ، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ، تھانہ نیو پنڈ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے 1800 گرام چرس و دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے ، ملزمان کی شناخت منظور احمد اور سلمان احمد کے نام سے ہوئی ہے جن کے خلاف تھانہ نیو پنڈ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تمام تھانہ انچارجز اور پولیس افسران کو سختی سے ہدایت ہے کہ اپنے اپنے تھانوں کی حدو میں جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔