اولڈہم(پ ر)کرسمس کے موقع پر مختلف رضاکار تنظیمیں بے گھر اور ضرورت مند افراد کو کھانے پینے ۔ کمبل ، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انڈین ایسوسی ایشن اولڈہم کی جانب سے سوپ کچن پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں بے گھر اور ضرورت مند افراد کو کھانے پینے اور دیگر بنیادی ضرورت کی چیزیں فراہم کی گئیں میئر اولڈہم کونسلر جاوید اقبال، کونسلر یاسمین طور، صدر انڈین ایسوسی ایشن ششی موہن داس ،بھارت کمہار سسوڈیا، خواتین کی تنظیم سہیلی گروپ کی جنرل سیکرٹری کرشنا سسوڈیا و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر میئر کونسلر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ یہاں موجود ہوں قریبی رفقاء نے کمیونٹی کے بے گھر افراد کو کرسمس اور نئے سال کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے احسن اقدام اٹھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کے دوسروں کو ایسے کاموں میں دلچسپی لینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی اسی طرح کی جاتی ہے اور اس سے کمیونٹیز کے اندر باہمی اتحاد و اتفاق پیدا ہوتا ہے ۔انڈین ایسوسی ایشن کے صدر ششی موہن داس کا کہنا تھا کہ ہم نے دیگر کمیونٹی گروپس کے ساتھ مل کر بے گھرافراد کی کرسمس اور نئے سال کے آغاز کی خوشیوں میں شریک کے لیے کچن سوپ کا انعقاد کیا ہے کیونکہ کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں کی وجہ سے بےشمار رضا کار تنظیمیں کام نہیں کرتی ہم نے اس خلا کو بھرا ہے ۔ کونسلر یاسمین طور کا کہنا تھا کہ یہاں آکر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور میری خوش قسمتی ہے کہ میں اسی وارڈ سے کونسلر منتخب ہوتی ہوں ۔بھارت کمہار سسوڈیا کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم کا یہ احسن اقدام ہے اور یہ تمام کمیونٹیز کے لیے ہے ہمیں سوسائٹی کے بنیادی ضروریات سے محروم افراد کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہئے۔سہیلی گروپ کی جنرل سیکرٹری کرشنا سسوڈیا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔