• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26ممالک میں1100ارب ڈالر کی نشاندہی ہوئی،آصف زرداری جے آئی ٹی کے سوالوں کا جواب دیں،شہزاد اکبر

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی جانب سے 90 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کے سوالات کا جواب دیں،26 ممالک میں 1100 ارب ڈالر کی نشاندہی ہوئی ہے، تحقیقات کے دوران 90 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دینے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے لیے ایک اچھا موقع ہے، ان میں سے54 ارب ڈالر بینک ڈیفالٹ رقم کے طور پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر و پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی رپورٹ میں اٹھائے گئے سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو اپنی پارٹی کا تشخص بہتر کرنے کے لیے ان سوالوں کا جواب دینا چاہیے کیونکہ ان کی پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے اپنے مکمل اثاثے ظاہر نہیں کیے، جے آئی ٹی رپورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے ظاہر نہ کیے گئے اندرون و بیرون ملک اثاثہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے، جو افراد رقوم کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز یا رقم منتقلی میں ملوث ہیں ان کو ملکی قوانین کا سامنا کرنا ہو گا۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں پارک لین کمپنی نے بلاول بھٹو کے نام کی بھی نشاندہی کی ہے جو 2008ء میں کمپنی کے ڈائریکٹر تھے، دیگر ممالک میں چھپائے گئے اثاثہ جات اور رقوم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 26 مختلف ممالک میں 1100 ارب ڈالر کی نشاندہی ہوئی ہے۔

تازہ ترین