• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس عدالتوں کیخلاف بھی سوموٹو نوٹس لیں ، سراج الحق

لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ڈیم کی تعمیر اوراسپتالوں کے دورے خوش آئند ہیں مگر چیف جسٹس آف پاکستان کو اپنی ریٹاٹرمنٹ سے قبل عدالتوں کے خلاف ایک سوموٹو نوٹس لینا چاہیے ۔ عدالتوں میں لاکھوں مقدمات زیر التوء ہیں ۔ منصورہ میں کارکنوں کے ا جتماع سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چیف جسٹس سست عدالتی نظام کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں اگر زیر التواء کیسز سنے جائیں تو وہ 14اگست کو بھی چھٹی نہیں کرسکیں گے ۔چیف جسٹس اور دیگر ججز اگر مہینے میں ایک دن کسی مسجد میں بیٹھ کر وہاں کے مقدمات نمٹائیں تو نہ صرف چند ماہ میں انصاف کا بول بالا ہو گا بلکہ ججوں کو عام آدمی کے مسائل سے بھی آگاہی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اب تک چوری کی گئی دولت میں سے ایک پائی بھی وصول نہیں کر سکی ۔نعرے اور وعدے تو بہت ہیں مگر نتیجہ کچھ بھی نہیں ۔2018 ءکے انتخابات کے بعد قوم نے ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں دیکھی اس سال کے دامن میں مولانا سمیع الحق ، طاہر داوڑ اور علی رضا عابدی کے خون کے چھینٹے ہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی اسٹیٹس کو کے اسی نظام کو جاری رکھے ہوئے ہے جس کی محافظ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ تھیں اور جسے فوجی ڈکٹیٹروں نے دوام بخشا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جنوری سے کرپشن فری پاکستان تحریک کو تیز کرنے کے لیے رابطہ عوام مہم کا آغاز کر رہی ہے۔
تازہ ترین