ملتان، خانیوال، لودھراں، بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر مختلف شہروں میں دھند چھا گئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان ، خانیوال ، لودھراں ، بہاولپور اور چنی گوٹھ میں دھند ہے۔ متاثرہ علاقوں میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر رہ گئی ۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سفر کے دوران گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
ادھرملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کوئٹہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 3، اسلام آباد منفی ایک ، پشاور منفی ایک ، لاہور دو اور کراچی میں بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے بالائی علاقوں میں برف باری اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔