بھارت میں سیلفی کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی،ریاست اُڑیسہ کے ایک پکنک پوائنٹ پرسیلفی لینے کی کوشش میں نوجوان پاؤں پھسل جانےسے بہتے ہوئے آبشار میں جاگرا۔
بھارتی اخبار کے مطابق ریاست اُڑیسہ کے ایک سیاحتی مقام پر واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان سیلفی لینےکے دوران پیر پھسلنے سے بہتے آبشار میں گرگیا، نوجوان نے بہاؤ کے خلاف ہاتھ پاؤں مارے لیکن خود کو بچا نہیں سکا جبکہ وہاں موجود لوگ بھی بے بسی کے ساتھ اُسے موت کے منہ میں جاتا دیکھتے رہے۔
پولیس کے مطابق موہن مشرا نامی طالب علم اپنے دوستوں کے ساتھ پکنک منانے آیا تھا۔
2016ء میں بھارتی یونیورسٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں سیلفی اموات کی تعداد سب سے زیاد ہے۔
’Me, Myself and My Killfie‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2014ء سے جنوری 2018ء تک بھارت میں سیلفی لینے کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 213 تک جاپہنچی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ چھ سال کے دوران دنیا بھر میں سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 250 سے زائد ہے۔