کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ اگر سابق صد ر آصف علی زرداری ہمیں اجازت دیں تو ہم پی ٹی آئی حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیںاورحکمرانوں کو جیل میں بھی بھیج سکتے ہیں ان کی تو وفاق میں صرف چھ ووٹوں کی اکثریت ہے اور اس سے بھی کم اکثریت پنجاب میں ہے‘پاکستان اور سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی صرف بہانہ تھا جبکہ اصل نشانہ سندھ حکومت ہے‘حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا‘یہ جھوٹی اور جعلی جے آئی ٹی رپورٹ ہے اور ہم اس کے خلاف بھر پور قانونی جنگ لڑیں گے‘ہم ان کی ہرسازش ناکام بنائیں گے ‘ پی ٹی آئی والوں کو سیاست نہیں آتی ‘ان کی ریاضی بھی خراب ہے ‘ان کو گنتی بھی نہیں آتی ‘صوبائی حکومت گرانے کا ان کا خواب کبھی پورانہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے پیر کو ایم کیو ایم پاکستان کے مقتول رہنما سید علی رضا عابدی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل افسوسناک ہے‘ امن و امان کی صورتحال سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سے بات کروں گا، کراچی کو اس وقت مثبت سیاستدانوں کی بہت ضرورت ہے‘ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں ایک حکومتی رہنما گھنٹوں بیٹھا رہا‘جو نہیں چاہتے کہ سندھ میں ترقی ہو وہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی چاہتے ہیں‘وہ اپنی کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے‘ان کا کہنا تھا کہ یہ جو سازش ہے اور جعلی جھوٹی جے آئی ٹی رپورٹ ہے جس میں میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کا کردار ہے اور سپریم کورٹ کے دیکھنے سے پہلے جے آئی ٹی نے اپنی فائنڈنگزحکومت کو پیش کیں‘ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی اور حکومت کا گٹھ جوڑ ایکسپوز ہوتا جا رہا ہے ۔