کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کی وزرات نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلی وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام توجہ ہاکی پر مرکوز کرلی ہے۔ سابق سکریٹری شہباز احمد کے حکومت پر لگائے جانے والے الزامات اور پی ایچ ایف میں کئے جانے والے فیصلوں کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے، اس بات پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ماضی کی طرح ملک کے کسی مضبوط ادارے کے حوالے کردیا جائے جس طرح پی آئی اے کے حکام فیڈریشن میں اہم ذمے داری پر ہوتے تھے، اس سلسلےمیں پاکستان آرمی، نیشنل بینک، پی آئی اے،اور بعض نجی اداروں سے بھی بات چیت جاری ہے۔ بین الصوبائی وزارت نے نئے سیکریٹری اور صدر کے لئے براہ راست خود امیدوارں کے انٹرویو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چند امیدواروں کے انٹرویو بھی ہوگئے ہیں۔ ادھر سابق کوچ توقیر ڈار نے صدر پی ایچ ایف صدر خالد کھوکھر کی جانب سے رابطے اور ان کی پیش کردہ کوئی بھی ذمہ داری لینے سے معذرت کرلی۔سابق سیکریٹری شہباز سینئر نے قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اطلاعات ہے کہ قمر ابراہیم صدر پی ایچ ایف کی گڈ بکس میں نہیں۔ خالد سجاد کھوکر کےمطابق تمام معاملات پر مشاورت جاری ہے فیصلے ہوتے ہی اعلان کردیں گے۔