• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی ایس ملتان کی کمشنر بہاولپور سے ملاقات، ریلوے اراضی کی ملکیت واپس دینےکا جائزہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈی ایس ریلوے ملتان امیرداؤد پوتا نے بہاولپور کا دورہ کیا ، انہوں نے کمشنر بہاولپورنیئر اقبال سے ملاقات کی، اس دوران بہاولپور ڈویژن میں موجود ریلوے کی اراضی جو کہ اس وقت ریونیو ریکارڈ کے مطابق صوبہ کی ظاہر کی جارہی ہے اس کو ریلوے کی ملکیت میں دینے پر تفصیلی جائزہ لیا گیا،بتایا گیا ہے کہ بہاولپور میں ریلوے کی 34ایکڑ اراضی ابھی تک صوبائی ریونیو ریکارڈ کے مطابق صوبائی حکومت کی ملکیت ہے ،اس اراضی کو 1970کے صدارتی حکم کے تحت صوبائی حکومت سےواپس وفاقی حکومت کی ملکیت میں جانا تھا لیکن بوجوہ اس کا ریکارڈ تاحال درست نہیں کیا جاسکا ،کچھ عرصہ قبل مذکورہ اراضی صوبائی حکومت نے ڈی ایچ اے بہاولپور کو دے دی تھی ،جس پر محکمہ ریلوے نے سول عدالت سے رجوع بھی کررکھا ہے کہ ریلوے کی اراضی محکمہ کی اجازت کے بغیر حاصل نہیں کی جاسکتی،بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ڈی ایس ریلوے نے کمشنر بہاولپور سے درخواست کی کہ نہ صرف بہاولپور میں موجود یہ 34ایکڑ اراضی بلکہ ڈویژن میں سمہ سٹہ -فورٹ عباس سیکشن پر ریلوے لائن کے ساتھ جو اراضی ریلوے کی ہے اس کی ملکیت کا ٹایٹل ریلوے کے نام کیا جائے، ڈی ایس ریلوے نے مذکورہ اراضی کا ریکارڈ بھی کمشنر بہاولپور کو دکھایا ،جس پر کمشنر بہاولپور نے متعلقہ تمام ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی ہے کہ ریکارڈ کی درستی کے لئے اپنے ضلع کے ریونیو افسران کو پابند کیا جائے۔
تازہ ترین