کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)کسٹم کلکٹر اشرف علی خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کسٹم نے 2018-19ء کے پہلے چھ ماہ میں گیارہ ارب 86 کروڑ70 لاکھ کا ریونیو کا ٹارگٹ کامیابی سے مکمل کرلیا جبکہ 13 ارب 28 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم کی وصولی بھی کی جو گزشتہ مالی سال کے ریونیو سے 26فیصدزائد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب 16کروڑ 73 لاکھ کی رقم ریونیو کی صورت میں سرکاری خزانے میں جمع کرادی جو پچھلے سال سے 23 فیصد زیادہ بنتی ہے۔ سیلز ٹیکس کی مد میں 4ارب 56کروڑ 60لاکھ جو گزشتہ مالی سال سے 27 فیصد سے زیادہ ہے اس کے علاوہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 43 فیصد سے زائد اور انکم ٹیکس کی مد میں30 فیصد سے زائد رقم وصول کی انہوں نے بتایا کہ کسٹم حکام کے لئے ٹارگٹ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنا ایک مثبت کاروباری اور ٹیکس آگاہی کا ثبوت ہے انہوں نے بتایا کہ کسٹم کے عملے نے انتہائی محنت اور لگن سے یہ ٹارگٹ حاصل کیا ہے، نان کسٹم گاڑیوں اور دیگر غیر ملکی اسمگل شدہ سامان کی نیلامی بھی یقینی بنا دی ہے۔ نئی کسٹم چیک پوسٹوں کے وجود سے بھی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد مل رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہمارا عزم ہے۔