• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان،ایف سی کے ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 اہلکار شہید، 4 دہشت گرد ماردیئے گئے

کوئٹہ (نمائندہ جنگ)پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایف سی کے ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اورانتظامی کمپاؤنڈ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے خود کش حملہ آور سمیت 4دہشت گردوںکو ہلاک کر دیا‘شدیدفائرنگ کے تبادلے میں چارسکیورٹی اہلکار شہیداور دو شدید زخمی ہو گئے‘واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور کمانڈوز کی بھاری نفری کو کوئٹہ سے طلب کرلیا گیا ‘ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل کی گئی جبکہ آپریشن مکمل ہونے پر علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے منگل کی صبح پانچ بجکر20 منٹ پر لورالائی میں ایف سی کے ٹریننگ سینٹر کے رہائشی اور انتظامی کمپائونڈ میںداخل ہونے اورنشانہ بنانے کی کوشش کی‘ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو داخلی راستے پر ہی روکے رکھا ‘دہشت گرد مکمل تربیت یافتہ تھےجو اپنے ہدف پر پہنچنے میںنا کامی پرفائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کے قریبی علاقے میں داخل ہوئے، سیکورٹی فورسز نے کمپائونڈ کو فوری طور پر محاصرے میں لے لیا جس پرد ہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں چیک پوسٹ پر تعینات چار اہلکار صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشاب شہید اور دواہلکار شدید زخمی ہو گئے‘زخمی اہلکاروں فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا‘آئی ایس پی آرکے مطابق سیکورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خود کش حملہ آورسمیت 4دہشت گردوں کو مار گرایا ‘حملے میں ملوث دہشتگروں کی شناخت کے لئے انکے اعضاء کے نمونے لیبارٹری ارسال کیے جارہے ہیں ۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لورالا ئی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلکاروں نے اپنی جان پرکھیل کر بروقت کاروائی کرتے ہو ئے دہشتگردوں کو بڑی دہشت گردی سے پہلے نیست ونابود کردیا۔دریں اثناءامریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک ِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرلی ہے۔

تازہ ترین