جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا نیا چیف جسٹس تعینات کر دیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ بحیثیت چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تعینات ہو گئے ہیں۔
جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18 جنوری سے چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔
سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے عہدے کی مدت 17 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔
جسٹس آصف سعید خان کھوسہ اس وقت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں، انہوں نے دسمبر 2016 میں سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ 21دسمبر 1954ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے برطانیہ چلے گئے، جہاں انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی۔