مانچسٹر (مصطفیٰ مغل)پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سنہری مواقع موجود ہیں بیرون ملک بسنے والوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں برطانیہ میں بسنے والے پاکستان آکر سرمایہ کاری کریں میں ان کی معاونت کرنے کے لیے تیار ہوں ۔یہ باتیں پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے مقامی ریسٹورنٹ اور پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر میں ان کے اعزاز میں دیے گئےاستقبالیہ میں کیا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ وہ سیاست میں جس مقام پر ہیں پاکستان تحریک انصاف کی مرہون منت ہے وزیراعظم عمران خان سے چوبیس سال سے بھائیوں جیسا رشتہ ہے وہ ایک ایماندار،محنتی اور محب وطن شخص ہیں غریب عوام کی تقدیر بدلنے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پر عزم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت سپیکر قومی اسمبلی وہ اپنے فرائض منصبی آئین وقانون کے عین مطابق سر انجام دیتے رہیں گے انکی نظر میں تمام ممبران قومی اسمبلی برابر اور قابلِ احترام ہیں سب کے ساتھ مساوی سلوک ہو گا اس منصب پر فائز ہو کر کبھی بھی جانبداری کا مظاہرہ نہیں کروں گا اور اس بارے کسی کے دباؤ میں نہیں آؤں گا۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان سے حلف لینے کے بعد ملاقات کی تھی جس میں یہ واضح کیا تھا اور انہوں نے اس کی مکمل تائید کی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف تحقیقاتی اداروں اور نیب کی جانب سے کرپشن کےبارے میںجو کیسز سامنے آئے ہیں وہ بغیر کسی دباؤ کے ہیں میں واضح کرنا چاہتا ہوں اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے تمام ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں جس نے بھی ملکی وسائل کو لوٹا ہے اسے انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنا چاہیئے اور احتساب بلا تفریق ہو رہا ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی زبوں حالی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بدانتظامی کی وجہ سے قومی ائیرلائن ریکارڈخسارے کا شکار ہے انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ابتدائی اقدامات اٹھانے ہیں ۔ انہوں نے برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمیشہ ہی عزت افزائی کرتے ہیں ۔