یہ انسان کی فطرت میں شامل ہے کہ وہ اپنی من پسند چیزوں پر ہی توجہ دیتاہے۔ اس کا اطلاق اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ ہم کس اسٹار کو پسند کرتے ہیں اور اس کی ڈائٹ مینو کیا ہے؟برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس میں بحیثیت ڈاکٹر خدمات انجام دینے والی زارا عزیز سیلیبرٹی ہیلتھ ڈائٹ اور طبی رویوں سے عوامی اثر پذیری کا تجربہ بتاتے ہوئے کہتی ہیں،’’سوشل میڈیا، ٹی وی، فلم، اخبارات اور جرائد کے ذریعے ملنے والی معلومات ہماری صحت مند عادتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ایسے میں شوبز اسٹارز کی ہیلتھ یا بیوٹی روٹین پر چلنا اکثر لوگوں کی خواہش ہوتی ہے ‘‘۔ آج ہم بھی ہالی ووڈ سپر اسٹارز کی سدابہار خوبصورتی کا راز جانتے ہیں کہ وہ کس طرح اب بھی اپنی عمر سے20سال کم دکھائی دیتی ہیں۔
ہیلی بیری
صحت مند طرزِ حیات کی بات ہو اور معروف اداکارہ ہیلی بیری کانام نہ آئے یہ کیسے ممکن ہے۔ انھوں نے اپنےحسنِ دل اور اداکارانہ جوہر سے دیکھنے والوں کو تو لبھایا ہی ہے لیکن ذیابطیس کے مریضوں کے لیے وہ امید کی خاص کرن اور رول ماڈل بن کر سامنے آئی ہیں، جنہوں نے اپنی غذا پر قابو پاکر اسے دور بھگایا۔19برس کی عمر میں جب ان میں ذیابطیس کی تشخیص ہوئی تو معالج کے مشورے سے انھوں نے اپنے کھانے کا انداز بدل کر ثابت کردیا کہ احتیاط علاج سے کتنی بہتر ہے۔ اسے صحت بخش خوراک کا اعجاز جانیے کہ آج 51برس کی عمر میں بھی وہ 30سال کی حسینہ لگتی ہیں۔ وہ سبزی خور ہیں،شکر حسبِ معمول لینا، بے تحاشا پانی پینا، پیدل چلنا اور ورزش کرنا ان کا معمول ہے۔ چہرے پر مسکان سجائے سدا بہارہیلی بیری آج بھی دیکھنے والوں کی نظروں کو بھاتی ہیں۔
جینیفر لوپیز
ہالی ووڈ اسٹار پاپ سنگر جینیفر لوپیز48برس کی عمر میں بھی 28 برس کا لُک دینے اوراپنے چہرے کو چمکدار ،تروتازہ اور دلکش رکھنے کےلیےالکوحل، تمباکو نوشی اور کیفین آور چائے کافی پینے سے پرہیز کرتی ہیںکیونکہ اس سے چہرے پر جھریاں نمایاں ہوجاتی ہیں۔ان کی غذاؤں میں زیادہ تر نامیاتی غذائیں شامل ہیں۔ان کا دوپہر کا کھانا سامن مچھلی،بند گوبھی کی سلاد کے ساتھ چلی کارن سوپ پر مشتمل ہوتا ہے،جس میںگوبھی کا شاخدار پھول (Broccoli) سیاہ مرچ اور خوشبو دار سرکے سے آمیزہ کدو شامل ہوتے ہیں۔ رات کا کھانا پروٹین سے بھرپور غذاؤں پر مشتمل ہوتا ہے، جن میں بھنا ہوا بغیر ہڈی کا چکن اورگوبھی سے بنی سلاد شامل ہے۔
گولڈی ہان
امریکی اداکارہ،پروڈیوسراور شوقیہ گلوکارہ گولڈی جینی ہان کی بے مثال خوبصورتی و جوانی کو منفرد مثال قرار دیں تو بیجا نہ ہوگا۔ وہ 72برس کی عمر میں بھی اپنی40سالہ بیٹی اداکارہ،لکھاری اور فیشن ڈیزائنر کیٹ ہڈسن کی ہم عمر نظر آتی ہیں۔ گولڈی اپنے دن کا آغاز نہار منہ اجوائن اور سیاہ مرچوں کے ساتھ بنے بندگوبھی کے جوس سے کرتی ہیں۔ وہ اناج،چینی اور دودھ کی آمیزش سے پاک ہلکی پھلکی اور سادہ غذا لیتی ہیں۔ دوپہر میں پھول گوبھی کے ساتھ سبز سلاد کھاتی ہیں جبکہ رات میں سلاد، گرین واٹر کریس سوپ اورمچھلی کے ساتھ سبز پھلیاں لیتی ہیں۔ ورزش اور یوگا کو انہوں نے صحت مند طرز زندگی کا لازمی حصہ بنایا ہوا ہے۔ اپنے صحت مند طرزِ زندگی کو انہوں نے بہت کامیابی سے اپنی بیٹی کیٹ ہڈسن کو منتقل کیا ہے۔
سنڈی کرافورڈ
امریکن سپر ماڈل اور اداکارہ سنڈی کرافورڈ کا دیدہ زیب چہرہ دیکھتے دیکھتے شوبز دنیا کا معروف چہرہ بن گیا اور آج52برس کی عمر میں بھی وہ32برس کی نظر آتی ہیں۔ جب وہ اپنی ماڈل بیٹی کیئیا(Kaia) کے ساتھ ہوں تو دونوں کی عمروں کا فرق بہت زیادہ نہیں لگتا۔ سنڈی اپنے دن کی ابتدا سبز چائے سے کرتی ہیں۔ دوپہر میں پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا انتخاب کرتے ہوئے سلاد کے ساتھ مچھلی یا مرغی کھاتی ہیں۔اس کے بعد ڈارک چاکلیٹ کھانا نہیں بھولتیں جبکہ بادام اورپنیر وہ ہر وقت کھاتی ہیں۔ رات کا کھانا پورے گھر والوں کے ساتھ کھاتی ہیں۔ وہ اپنی بیٹی کوصحت مند غذاؤں کے انتخاب میں اچھا رول ماڈل بنانا چاہتی ہیں۔
شیرلین سرکسیئن
میڈیا میں پاپ دیوی کہلائی جانے والی شیرلین سرکسیئن (Cherilyn Sarkisian) المعروف شیر71برس کی عمر میں بھی اپنی دلکشی سے دیکھنے والوں کو سحر زدہ کردیتی ہیں۔ وہ اپنے سدا بہار حسن کا راز سبزیوں کو قرار دیتی ہیں، جن پر سختی سے کاربند ہیں اور اس معاملے میں انہیں سبزی خور جانیے۔ اسی طرح وہ تمباکو اور الکوحل کی علت سے دور رہتی ہیں۔
جینیفر اینسٹن
49برس کی عمر میں29سال کی نظر آنے والی ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر اینسٹن کی سدابہار خوبصورتی میں جہاں ان کی ہر وقت مسکراتے رہنے کی عادت ہے ،وہیں سبزیوں سے بنے پاسٹا کا بھی ہاتھ ہے، جس میں کم مقدار میں کیلوریز ہوتی ہیں۔ ان کا ناشتہ اسموتھی،کیلے، انڈے، چیری، پروٹین پاؤڈر اور بادام کے دودھ پر مبنی ہوتا ہے۔