لاہور (خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا بطور وزیراعظم، وزراء اور مشیروں کے نوٹیفیکیشنز عوام کے سامنے لائے جائیں ،قوم جاننا چاہتی ہے کہ عمران خان کا بطور وزیراعظم نوٹیفیکیشن جاری ہوا کہ نہیں؟۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خدشہ ہے کہ ڈاکٹرفرخ سلیم کے معاملے میں جھوٹ بولنے والے بھاگ جائیں گے اور کہیں گے ہمارا تو نوٹیفیکیشن ہی نہیں ہوا تھا،بھگوڑے کل کہیں گے کہ کابینہ کے تمام فیصلے ہی کالعدم ہیں کیونکہ ہمارا تونوٹیفیکیشن ہی نہیں ہوا تھا۔جس طرح ملک میں یہ لوگ اپنی نااہلی اور جھوٹ سے تباہی لا رہے ہیں ضروری ہے کہ کہ ان کے نوٹیفکیشنز قوم کے سامنے آئیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کا کباڑہ کرنے والے یہ لوگ کل کہہ دیں گے کہ ہمارا تو نوٹیفکیشن ہی نہیں ہوا تھا اس لئے ہم اس تباہی کے ذمہ دار نہیں،حکومت اعلانیہ اور غیراعلا نیہ اپنے تمام مشیروں کو سامنے لائے،قوم کو بتایاجائے کابینہ اجلاسوں میں بغیر نوٹیفیکیشن کتنے لوگ شریک ہورہے ہیں؟،نوٹیفیکیشن کے بغیر کابینہ اجلاسوں میں شرکت کرنے اور کرانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے ،اس طرح کابینہ اجلاسوں میں افراد کی شرکت سنگین سوالا ت اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے معاملے پ تحقیقات کرائی جائے، جس نے جھوٹ بولا، جعلی سازی کی یا غیرقانونی سرکاری اختیارات استعمال کئے انہیں کٹہرے میں لایاجائے۔