سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر الگ الگ پیغامات میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ شہید بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کے نظریے پر کاربند رہنا میرا نصب العین ہے، جوہری پروگرام کی بنیاد ذولفقار علی بھٹو نے ہی رکھی ، انہوں نے ملک میں سینکڑوں اسپتال اور یونیورسٹیز قائم کیں۔
بلاول نے کہا کہ شہید بھٹو کے عدالتی قتل نے عوام کو ان کی خدمات اور صدیوں میں پیدا ہونے والے عظیم مدبر سے محروم کر دیا، انہوں نے اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم جیسے سینکڑوں میگا پروجیکٹس کے ذریعے معاشی انقلاب برپا کیا۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ شہید قائد عوام کے نظریے پر ثابت قدم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بھٹو نے کچلے ہوئے طبقات کو طاقت دی اور عوام کو عزت و وقار سے جینے کا ڈھنگ سکھایا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ شولفقار علی بھٹو شہید نے ملک کی دوبارہ تعمیر کی، پیپلز پارٹی اپنے قائد عوام کے ہر خواب کو پورا کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کمزور کرنے والوں کے سامنے آج بھی مضبوط رکاوٹ ہے۔